گندم خریداری کے عمل کو شفاف، موثر ،جدید بنانے کیلئے الیکٹرانک ویئر ہائوس ریسٹ سسٹم کی منظوری

پیر 21 اپریل 2025 14:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2025ء)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے گندم کی خریداری کے عمل کو شفاف، موثر اور جدید بنانے کے لیے الیکٹرانک ویئر ہائوس ریسٹ سسٹم کی منظوری دے دی۔ذرائع کے مطابق وزیر اعلی مریم نواز شریف نے اس نظام کے فوری نفاذ کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے وزیر خزانہ کی سربراہی میں ایک سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دیدی ہے جو روزانہ کی بنیاد پر پیشرفت کی رپورٹ وزیر اعلی کو پیش کرے گی۔

(جاری ہے)

مریم نواز نے معاملہ ہنگامی بنیادوں پر کابینہ سے منظوری کے لیے پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ہے تاکہ سسٹم کا اطلاق جلد ممکن ہو سکے۔الیکٹرانک ویئر ہائوس ریسٹ سسٹم سے ذخیرہ شدہ گندم کی شفاف نگرانی اور فوری ڈیجیٹل اندراج کے ذریعے ریسیورز کو بروقت ادائیگی ہوسکے گی جبکہ کسانوں کو جعلی رسیدوں اور دھوکہ دہی سے تحفظ دیا جاسکے گا۔سسٹم سے سرکاری و نجی گوداموں کے معیار کی خودکار جانچ پڑتال کی جاسکے گی۔سسٹم سے زرعی مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام کے لیے درست اعداد و شمار کی دستیابی یقینی بنے گی جبکہ مارکیٹ تک آسان رسائی اور لاجسٹک کے اخراجات میں کمی ہوگی اور بینکوں کے لیے فصل پر قرضوں کی منظوری میں آسانی اور شفافیت ہوسکے گی۔