ضلعی انتظامیہ کی غفلت ،قصابوں نے رائے ونڈ سلاٹر ہائوس جانا چھوڑ دیا

سلاٹر ہائوس ویران ہونے سے سرکاری خزانے کو لاکھوں روپے ماہانہ نقصان ہونے لگا

پیر 21 اپریل 2025 17:08

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2025ء)ضلعی انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے کروڑوں روپے آمدن دینے والا سلاٹر ہائوس بھوت بنگلے میں تبدیل ہو گیا،لاہور اور گردونواح میں معیاری اور صحت مند جانوروں کا گوشت ملنا خواب بن گیا ،قصابوں نے گھروں اور راستوں پر جانور ذبح کرنا معمول بنا لیا ،پیمکو سلاٹر ہائوس ویران ہونے سے سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق دور حکومت میں صحت مند اور معیاری جانوروں کے گوشت کی عوام کو فراہمی کیلئے پیمکو کے زیر اہتمام سلاٹر ہائوس قائم کئے گئے تھے جن میں رائے ونڈ سلاٹر ہائوس بھی شامل ہے جہاں روزانہ سینکڑوں جانور ذبح کرکے لاہور اور گردونواح میں انکا گوشت فروخت کیا جاتا تھا ،حکومت کی جانب سے اس منصوبے کی طرف توجہ نہ دینے کی وجہ سے قصابوں کی من مانیاں عروج پر پہنچ گئیں ،قصابوں نے پنجاب حکومت کے صحت مند پنجاب پروگرام کی دھجیاں اڑادیں، میٹ انسپکشن بند ہونے سے غیر معیاری گوشت کی فروخت سے شہریوں کی زندگی دائو پر لگ گئی قصابوں نے جانور سرعام راستوں پر ذبح کرنا شروع کردئیے جس سے معیاری گوشت کا حصول مشکل ہوگیا ،ضلعی انتظامیہ کی عدم توجہگی کی وجہ سے قصابوںنے سلاٹر ہائوس جانا چھوڑ دیا ،۔

(جاری ہے)

تحصیل رائے ونڈ کی عوام کو معیاری گوشت کی فراہمی کیلئے رائے ونڈ سلاٹر ہائوس میں رائے ونڈ شہر کے علاوہ مانگا منڈی ،سند ر،چوہنگ ،آرائیاں ،گرین ٹائون سمیت جنوبی لاہور کے قصاب اپنے جانور ذبح کروانے کیلئے آتے تھے جس کے باعث رائے ونڈ سلاٹر ہائوس کی آمدن نصف کروڑ روپے سالانہ سے تجاوز کرگئی تھی حکومت پنجاب کی جانب سے معیاری گوشت فراہمی کی مہم ٹھنڈی پڑجانے کے باعث قصاب حضرات لے لگام اور بے خوف ہوکر جانوروں کو گوشت مارکیٹ کے تھڑوں اور سرعام سڑکوں پر ذبح کرنے لگے جس سے جہاں حکومتی آمدن برائے نام رہ گئی ہے وہاں عوام کو لاغر جانوروں کا غیر معیاری گوشت ملنے لگااس عمل سے لاکھوں افراد کی صحت سے کھیلا جارہا ہے ۔

عوامی حلقوں نے چیف سیکرٹری پنجاب اورکمشنر لاہور سے صورت حال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔