ایس ایچ او سٹی سانگلہ ہل فرعون بن گیا،مقامی سینئر صحافی کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، آئی جی پنجاب نوٹس لیں

مقامی صحافتی،سماجی،رفاعی،سیاسی اور مذہبی حلقوں کا صحافی پر تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ایس ایچ او سٹی سانگلہ ہل کو نشان عبرت بنانے کا مطالبہ

پیر 21 اپریل 2025 17:34

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2025ء)ایس ایچ او سٹی سانگلہ ہل فرعون بن گیا،مقامی سینئر صحافی کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا،آئی جی پنجاب نوٹس لیں۔رپورٹ کے مطابق مقامی سانگلہ ہل کے سینئر صحافی حافظ فاران سہیل کو ذاتی اور سیاسی با اثر گروہ کے کہنے پر گزشتہ روز صحافتی فرائض سرانجام دینے کے بعد گھر واپس آتے ہوئے تھانہ سٹی کے باہر سے حافظ فاران سہیل کوگرفتار کر کے حبس بے جا میں رکھا اورحوالات سے باہر نکلوا کراپنے دفتربلایا اور بھڑکیں مارتے ہوئے کہا کہ تم نے گزشتہ ماہ میرے خلاف خبر چلائی تھی کہ تھانہ سٹی کی حدود میں ویڈیو گیمز اورسنوکر کلبوں پرجوئے ہو رہے ہیں تمہیں میرا پتہ نہیں کہ میں ایس ایچ او رائے عرفان گل ہوں یہ کہتے ہوئے مقامی سینئر صحافی کو شہر کے شرفا کے سامنے تھپڑ مار ڈالا اور کہا کہ میں تم پر مختلف سنگین مقدمات درج کروں گا مقامی صحافی نے منت سماجت کر کہ ایس ایچ او سٹی سے اپنی جان خلاصی کروائی۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق مقامی صحافی حافظ فاران سہیل نے کہا کہ مجھے ایس ایچ او سٹی نے اپنی ذاتی اور بااثرطارق محمود باجوہ گروپ کے کہنے پر تشدد کا نشانہ بنایا اور عزت نفس کو مجروح کیا ہے،طارق باجوہ گروپ سے وجہ عناد یہ ہے کہ گزشتہ ماہ پہلے باجوہ گروپ نے ایک اور صحافی جمال عبدالناصرکوتشدد کا نشانہ بنایا تھاجس کی حافظ فاران سہیل نے آواز اٹھائی تو باجوہ گروپ نے اس عناد پر اسے ایس ایچ او سٹی سے کہ کر تشدد کروایا ہے۔

رپورٹ کے مطابق باجوہ گروپ اور مقامی پولیس کی طرف سے صحافیوں پر تشدد کی تاریخ بھری پڑی ہے۔یاد رہے کہ تھانہ سٹی سانگلہ ہل سیاسی ٹاٹوں کی آماجگاہ بنا ہوا ہے جہاں با اثر سیاسی گروہ کو دن رات آتا جاتا دیکھا جاتا ہے اعلی حکام اگر تھانہ کے سی سی ٹی وی کیمروں کو چیک کریں تو یہ بات ان پر واضح ہو جائے گی اور تھانہ سٹی کی حدود میں پولیس کی پشت پناہی پرمنشیات فروشی،جوا جسم فروشی و دیگر جرائم میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

صحافیوں کے ساتھ پولیس کے ناروا سلوک اور تشدد کے واقع کی مقامی صحافتی،سماجی،رفاعی،سیاسی اور مذہبی حلقوں نے اس افسوسناک واقع کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت پنجاب اور آئی جی پنجاب سے بد تہذیب اوربدتمیزایس ایچ او سٹی سانگلہ ہل کو نشان عبرت بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔