جے یو آئی ف کا کینالز کے معاملے پر سندھ پنجاب بارڈر بند کرنے کا اعلان

اگر فیصلہ واپس نہیں لیا گیا تو پورے سال بیٹھے رہیں گے لیکن کسی کو سندھ کے پانی پر ڈاکا نہیں ڈالنے دیں گے؛ جمعیت علمائے اسلام ف سندھ کے سیکرٹری جنرل مولانا راشد محمود سومرو کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی پیر 21 اپریل 2025 16:18

جے یو آئی ف کا کینالز کے معاملے پر سندھ پنجاب بارڈر بند کرنے کا اعلان
لاڑکانہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اپریل 2025ء ) جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف نے بھی دریائے سندھ پر نئی نہروں کینالز کے معاملے پر سندھ پنجاب بارڈر بند کرنے کا اعلان کردیا۔ لاڑکانہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام ف سندھ کے سیکرٹری جنرل مولانا راشد محمود سومرو نے کینالز کے معاملے پر سندھ میں دھرنوں کا اعلان کیا، انہوں نے کہا کہ 24، 25 اور 26 اپریل کو احتجاجی مظاہرے کرکے سندھ پنجاب بارڈر کو بلاک کیا جائے گا، اگر فیصلہ واپس نہیں لیا گیا تو پورے سال بیٹھے رہیں گے لیکن کسی کو سندھ کے پانی پر ڈاکا نہیں ڈالنے دیں گے اور تحریک کے اگلے مرحلے میں کندھ کوٹ ،گھوٹکی اور سکھر میں دھرنے ہوں گے۔

بتایا جارہا ہے کہ دریائے سندھ سے 6 کینالز نکالے جانے کے خلاف سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سکھر کے زیر اہتمام قومی شاہراہ ببرلو بائی پاس پر وکلابرادری کی بڑی تعداد نے چوتھے روز بھی احتجاجی دھرنا دیا اور سندھ دشمن منصوبوں کے خلاف شدید نعریبازی کی وکلابرادری کی جانب سے دیئے جانے والے تیسرے روز بھی دھرنے کے باعث قومی شاہراہ مکمل بند ہوگئی اورقومی شاہراہ بند ہونے کے باعث دونوں اطراف سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہی ، قومی شاہراہ بند ہونے کی وجہ سے سیکڑوں مسافر گاڑیاں پھنس گئیں۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ دریائے سندھ سے نئی نہریں نکالنے کے خلاف صوبہ سندھ میں پاکستان تحریک انصاف اور دیگر جماعتوں، تنظیموں کی جانب سے مختلف مقامات پر دھرنے دیئے گئے، صوبے کے کئی مقامات ہڑتال اور احتجاج کیا جارہا ہے، جن میں سے بعض مقامات پر ٹرینیں روکے جانے اور پہیہ جام ہڑتال کی بھی اطلاعات ہیں، سندھ میں پبلک ٹرانسپورٹ مکمل جام ہے کیوں کہ صوبے کے چھوٹے بڑے شہروں میں درجنوں مقامات پر دھرنے دیئے جا رہے ہیں، جامشورو، میرپورخاص، بدین اور ٹھٹھہ سمیت دیگر شہروں میں بھی مکمل ہڑتال رہی، مٹیاری میں قومی شاہراہ پر دھرنا دے کر راستے بند کر دیے گئے، جبکہ شہر میں مکمل شٹرڈان ہڑتال دیکھی گئی۔

بتایا گیا ہے کہ خیبر پور سندھ میں لقمان کے مقام پر مظاہرین نے ریلوے ٹریک بند کر کے ٹرین روک دی جہاں مظاہرین نہروں کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں، نہروں کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین کے باعث محراب پور سٹیشن پر شالیمار ایکسپریس کو روک لیا گیا، سکھر میں اس وقت دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے خلاف دھرنا دیا جا رہا ہے، نوشہرو فیروز سندھ کے مقام پر قومی شاہراہ کو دھرنا دے کر بند کر دیا گیا، گمبٹ میں بھی قومی شاہراہ کو بند کیا گیا، کنڈیارو سندھ میں مکمل پہیہ جام شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے، اس دوران پٹرول پمپ بند کردیئے گئے، ہنگورجا کے مقام پر بھی قومی شاہراہ پر دھرنا دے دیا گیا، رتوڈیرو اور باقرانی میں بھی مکمل ہڑتال دیکھی گئی۔