صدر مملکت کا پوپ فرانسس کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار

پوپ فرانسس کو دنیا بھر میں امن، سماجی انصاف، بین المذاہب مکالمے اور کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے کاوشوں کے لیے یاد رکھا جائیگا، آصف زر داری

پیر 21 اپریل 2025 17:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2025ء)صدر مملکت آصف علی زرداری نے پوپ فرانسس کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوپ فرانسس کو دنیا بھر میں امن، سماجی انصاف، بین المذاہب مکالمے اور کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے کاوشوں کے لیے یاد رکھا جائے گا۔ اپنے بیان میں صدر مملکت نے آنجہانی پوپ کے بین المذاہب ہم آہنگی، ہمدردی اور پرامن بقائے باہمی کے عزم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پوپ فرانسس کے انتقال پر حکومت ِپاکستان اور عوام کی جانب سے ویٹیکن اور پوری کیتھولک کمیونٹی سے تعزیت کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہاکہ پوپ فرانسس کو دنیا بھر میں امن، سماجی انصاف، بین المذاہب مکالمے اور کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے کاوشوں کے لیے یاد رکھا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ پوپ فرانسس امن اور انصاف کی ایک توانا آواز تھے ، پوپ فرانسس نے مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والی کمیونٹیز کو جوڑنے کیلئے کاوشیں کیں۔ آصف علی زر داری نے کہاکہ باہمی افہام و تفہیم کے فروغ کیلئے پوپ فرانسس کی کوششوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، پوپ فرانسس کا انتقال نہ صرف مسیحیوں بلکہ تمام مذاہب کے درمیان امن اور مکالمے کی قدر کرنے والوں کے لیے ایک عظیم نقصان ہے ۔