فیصل آبادبورڈ نے انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو امتحانات میں شرکت کرنے والے طلبا کو رول نمبر سلپس جاری کردیں

پیر 21 اپریل 2025 18:59

مکوآنہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2025ء) اعلی و ثانوی تعلیمی بورڈفیصل آبادنے 29 اپریل بروز منگل سے شروع ہونے والے انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے پہلے سالانہ امتحانات2025 میں شرکت کرنے والے طلبا وطالبات کو رول نمبر سلپس جاری کردی ہیں اور کہا ہے کہ ریگولر طلبا و طالبات کو رول نمبر سلپیں ان کے اداروں کے توسط سے جبکہ پرائیویٹ طلباو طالبات کو رول نمبر سلپیں ان کے داخلہ فارمز پر دیئے گئے پتوں پر ارسال کردی گئی ہیں جس کے ساتھ ساتھ رول نمبر سلپس کو بورڈ کی ویب سائٹ پربھی اپ لوڈ کردیا گیا ہے لہذا اگر کسی طالبعلم کو رول نمبر سلپ نہ ملے تو وہ بورڈ کی ویب سائٹwww.bisefsd.edu.pk سے بھی اپنی رول نمبر سلپ ڈائون لوڈ کرسکتا ہے۔

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد کے شعبہ تعلقات عامہ کے ترجمان ساجد نقوی نے بتایا کہ اعلی و ثانوی تعلیمی بورڈ فیصل آبادسمیت سرگودھا، گوجرانوالہ، ساہیوال، راولپنڈی، بہاولپور، ڈی جی خان، ملتان، لاہوربورڈز کے زیر اہتمام انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو،سیکنڈ ایئر اکیڈمک سیشن2021-23 اور 2023-25 کے سالانہ امتحانات بیک وقت 29 اپریل 2025 بروز منگل سے شروع ہوں گے اورمنگل کو سائیکالوجی و اسلامک سٹڈیز جبکہ 30 اپریل بروز بدھ کو دونوں گروپس میں انگلش لازمی کے پیپرز ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ انٹرمیڈیٹ پارٹ سیکنڈ کے امتحانات 19 مئی 2025 کو ختم ہوں گے اور 20 مئی 2025کوانٹرمیڈیٹ پارٹ ون، گیارہویں جماعت کا امتحان شروع ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ اکیڈمک سیشن 2021-23 تا2024-26 کا پہلا پیپر 20 مئی بروز منگل کو سوکس اور بزنس میتھ کامرس گروپ جبکہ 21 مئی بروز بدھ کوفزکس، ایجوکیشن اور پرنسپلز آف اکنامکس کے پیپرز ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ امتحانات میں شرکت کرنیوالے طلبا و طالبات کو رول نمبر سلپوں کا اجرا جلد شروع کردیا جا ئے گا اور امتحانات کے شفاف انعقاد کیلئے بھرپور اقدامات کئے جا ئیں گے۔

متعلقہ عنوان :