Live Updates

عمران خان کے ترلے لیے جا رہے ہیں کہ خدا کا واسطہ ہے ڈیل کرلیں، صاحبزادہ حامد رضا کا دعویٰ

ایک مرتبہ مجھے خان سے اجازت لے لینے دیں تو پھر میں بتاؤں گا کہ کون کون جا کر ترلے منتیں کرتا ہے؛ سربراہ سنی اتحاد کونسل کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی پیر 21 اپریل 2025 17:48

عمران خان کے ترلے لیے جا رہے ہیں کہ خدا کا واسطہ ہے ڈیل کرلیں، صاحبزادہ ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اپریل 2025ء ) سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے اہم انکشافات کردیئے۔ صحافی فہد شہباز خان کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان سے وقت مانگا گیا کہ حکومت نہ گرائی جائے لیکن اس حکومت کو کوئی مخصوص وقت دے کر عمران خان باہر نہیں آئے گا، ایک دفعہ عمران خان کے پاس جا کر مجھے یہ اجازت لے لینے دیں تو پھر میں بتاتا ہوں کون کون خان کے ترلے کر رہا ہے کہ خدا کا واسطہ ہے یہ ڈیل لے لیں، کچھ چیزیں تو ایسی خوفناک ہیں کہ اگر بتا دوں تو میڈیا کیا شاید سوشل میڈیا پر بھی نہ چلنے دی جائیں۔

ایک سوال کے جواب میں صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ عمران خان کا مسئلہ یہ ہے کہ وہ سیدھا بندہ ہے، کچھ چیزیں ہیں جو میں ابھی بتانا نہیں چاہوں گا یا شاید ان کا ابھی وقت نہیں ہے اور میرے پاس عمران خان کی اجازت بھی نہیں ہے، میں آپریشن رجیم چینج سے پہلے اور اس کے بعد کی بہت ساری چیزوں کا گواہ ہوں، چیزیں ایسی نہیں ہیں جیسی عمران خان کے بارے میں کہی جاتی ہیں، گارنٹی سے متعلق بدقسمتی سے یہ بیانیہ اس شخص کے بارے میں بنا دیا گیا، میرے سامنے آج تک عمران خان نے جو بھی بات کی اس کو انہوں نے پورا کیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ اس وقت ایک فریق عمران خان اور دوسرا پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ ہے، کوئی اس کو پسند کرے یا نہ کرے یہ ایک حقیقت ہے، مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی کوئی حیثیت ہی نہیں ہے، ان کی حکومت کو اگر سہارا میسر نہ ہو تو یہ 4 گھنٹے بھی نہ نکال سکے، اب دونوں میں سے کسی ایک فریق کے بارے میں کہنا کہ اس کی بات پر کون اعتبار کرے گا، اگر عمران خان کی گارنٹی دینے والا کوئی نہیں تو دوسرے فریق کی بات پر بھی کون اعتبار کرے گا؟۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات