اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کے تبادلے اور سنیارٹی سے متعلق کیس کی سماعت کل ہوگی

پیر 21 اپریل 2025 21:16

اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کے تبادلے اور سنیارٹی سے متعلق کیس کی سماعت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اپریل2025ء) سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کے تبادلے اور سنیارٹی سے متعلق کیس کی سماعت کل منگل کوکرے گی ،پانچ رکنی آئینی بنچ کے سربراہ جسٹس محمد علی مظہر نے کہاتھا کہ کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت منگل سے کی جائے گی، بعدازاں آئینی بینچ نے سماعت 22 اپریل تک ملتوی کر دی تھی۔

سابقہ سماعت پر اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے عدالت کو آگاہ کیا تھاکہ جسٹس سرفراز ڈوگر، جسٹس خادم سومرو اور جسٹس محمد آصف نے کوئی وکیل مقرر نہیں کیا۔ ان ججز کا مؤقف ہے کہ آئینی بینچ جو بھی فیصلہ کرے گا، وہ اسے قبول کریں گے۔سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے دائر کردہ درخواست کو واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دیاتھا۔

(جاری ہے)

جسٹس محمد علی مظہر نے پوچھا کہ کیا انہوں نے تحریری جواب جمع کرایا ہے، تو ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ ابھی جواب جمع نہیں کرایا گیا۔ جس پر عدالت نے انہیں جواب جمع کرانے کی اجازت دی۔متاثرہ ججز کے وکیل منیر اے ملک نے دلائل دیے کہ وفاقی حکومت نے ججز کی آمادگی کے بیانات یا صدرِ مملکت و چیف جسٹس کی منظوری کا کوئی دستاویزی ثبوت جمع نہیں کرایا۔

انہوں نے موقف اختیار کیا کہ یہ سارا پراسیس متنازع ہے۔ تاہم اٹارنی جنرل نے مؤقف اپنایا کہ تمام عمل رضامندی سے ہوا ہے اور یہ معاملہ متنازع نہیں ہے۔جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے کہ اگر یہ معاملہ متنازع نہیں تو آمادگی کے بیانات عدالت میں پیش کیے جائیں۔ اٹارنی جنرل نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ یہ بیانات جمع کروا دیے جائیں گے۔بینچ کے رکن جسٹس نعیم اختر افغان نے کہا کہ عدالت دیکھنا چاہتی ہے کہ یہ معاملہ شروع کہاں سے ہوا۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 22 اپریل تک کے لیے ملتوی کردی تھی۔