آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام معروف شاعرہ ریحانہ روحی کا پانچواں شعری مجموعہ "دنیا گزار دی گئی" کی تقریب رونمائی

پیر 21 اپریل 2025 20:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2025ء)آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام معروف شاعرہ ریحانہ روحی کا پانچواں شعری مجموعہ "دنیا گزار دی گئی" کی تقریب رونمائی حسینہ معین ہال میں کی گئی ، تقریب میں پروفیسر سحر انصاری نے صدارت کے فرائض انجام دئیے جبکہ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ ، جنرل معین الدین حیدر، محمد اقبال لطیف، سہیل احمد،ثبین سیف ، ڈاکٹر عنبرین حسیب عنبر ،اختر سعیدی ، ناصرہ زبیری، طارق جمیل ،سلمان صدیقی اور ڈاکٹر افتخار ملک نے اظہار خیال کیا ، اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ ریحانہ روحی ہمارے عہد کی نمائندہ شاعرہ ہے ان کی غزلیں عام ہیں اردو کانفرنس میں یہ کتاب شائع ہونی تھی مگر ریحانہ لندن میں تھی،ریحانہ روحی آرٹس کونسل کے اچھے برے وقت میں ہمیشہ ساتھ رہی، پروفیسر سحر انصاری نے کہا کہ ریحانہ روحی کی شاعری میں نہ صر ف لہجہ ہے بلکہ تیور بھی ہے ، ان کا نہ صرف مشاعروں میں بلکہ ادبی رسائل میں بھی ایک معتبر مقام ہے ،ریحانہ روحی شاعری میں بے ساختہ اور بے دھڑک ہیں ، ناصرہ زبیری نے کہا کہ مجھے ریحانہ روحی کے دبنگ لہجے اور اشعار نے متاثر کیا ،ریحانہ روحی محبت کے اظہار میں کہی بھی معذرت خواہی میں نظر نہیں آئی ،ریحانہ روحی کہتی ہیں عشق کا کوئی حل نہیں ہوتا نہ ہی کوئی نعم البدل ہوتا ہے ریحانہ روحی کہی بھی وہ عورت نظر نہیں آتی جو پردے کے پیچھے زیر لب اور دھیما بولتی ہیں ،عنبرین حسیب عنبر نے کہا کہ ریحانہ روحی نے کبھی ڈرنا نہیں سیکھا، ریحانہ روحی تجربے کرتی رہتی ہیں اور اپنے فن کے ساتھ مخلص ہیں، ریحانہ روحی ایک باشعور مزاحمت کرنے والی سوچنے والی اور رد عمل دینے والی شخصیت کے طور پرہمارے سامنے آتی ہیں ، سلمان صدیقی نے تقریب میں ریحانہ روحی کے تحریر کردہ اشعار سنا کر شائقینِ کو داد دینے پر مجبور کر دیا، ریحانہ روحی نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میری یہ کتاب ’’ دنیا گزار دی گی ‘‘میرے تخلیقی سفر کا پانچواں مجموعہ ہے ، آپ سب کی موجودگی میرے لئے باعث فخر ہے ، یہ محفل نہ صرف کتاب کی رونمائی کے لئے ہے بلکہ آپ سب سے ملنے اور محبتیں سمیٹنے کا خوبصورت موقع ہے ،میں اللہ تعالی کی شکر گزار ہوں جس نے مجھے اتنے خوبصورت اور مخلص دوستوں سے نوازا، تقریب میںعلمی و ادبیات شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ خالد معین نے نظامت کے فرائض انجام دئیے ۔