معیاری ادویات عام عوام کی قوت خرید میں لانے کیلئے پرائیویٹ اور پبلک سیکٹر کو مل کر کام کرنا ہوگا، مصطفی کمال

ملکی سطح پر عالمی معیار کی ادویات بنانے اور اسے عالمی منڈیوں تک پہنچانے کیلئے فارماسیوٹیکل کمپنیوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے، وفاقی وزیر صحت

پیر 21 اپریل 2025 21:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2025ء)ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما و وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ معیاری ادویات عام عوام کی قوت خرید میں لانے کیلئے پرائیویٹ اور پبلک سیکٹر کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ ملکی سطح پر عالمی معیار کی ادویات بنانے اور اسے عالمی منڈیوں تک پہنچانے کیلئے فارماسیوٹیکل کمپنیوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے فارماسیوٹیکل کمپنیوں کی نمائندہ تنظیم فارما بیورو کے کراچی میں واقع دفتر کے دورے پر کیا۔

(جاری ہے)

فارما بیورو کے چیئرمین سید محمد انیس، ارم شاکر رحیم اور اراکین نے وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال کا استقبال کیا انہوں فارما سیکٹر کو درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا اور بہتری کیلئے تجاویز بھی پیش کیں۔ اس موقع پر انہوں نے مصطفی کمال کی بطور وزیر صحت قلمدان سنبھالتے ہی پہلے روز سے معاملات کو سنجیدگی سے بہتر کرنے کی کوششوں کو سراہا۔ وفاقی وزیر مصطفی کمال نے اس موقع پر امید ظاہر کی کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ ہمارے اقدامات سے آنے والی بہتری کے بعد فارما سیکٹر بھی عوام کو ریلیف دینے میں حکومت کی مدد کرے گا اور معیاری ادویات عام عوام کی پہنچ میں ہونگی۔