حریت کانفرنس کی کشمیریوں سے 25اپریل کو مکمل ہڑتال کی اپیل

منگل 22 اپریل 2025 12:53

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2025ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیریوں سے متنازعہ وقف ترمیمی ایکٹ اور مقبوضہ علاقے میں غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کے اجراکے خلاف جمعہ( 25اپریل)کو مکمل ہڑتال کی اپیل کی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی پارلیمنٹ سے مسلم مخالف بل کی منظوری اور مقبوضہ کشمیر میں لاکھوں غیر کشمیریوں کوڈومیسائل سرٹیفکیٹ کے اجرا پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے اسے عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور مقبوضہ کشمیرکی مسلم اکثریتی شناخت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی کوشش قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی قبضے، کشمیریوں کے سیاسی حقوق کی تنسیخ اور ان پرجاری وحشیانہ مظالم سے کشمیری عوام کوشدید مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے عالمی برادری پرزوردیاکہ وہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ کرے کیونکہ حل طلب مسئلہ کشمیر سے علاقائی امن کو سنگین خطرہ لاحق ہے ۔

حریت ترجمان نے کہاکہ بی جے پی حکومت نے 5 اگست 2019 کو جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد مقبوضہ کشمیر کو فوجی چھائونی میں تبدیل کر دیا ہے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کیاکہ بی جے پی حکومت نے کشمیریوں کو ان کی منفردشناخت، قدرتی وسائل، روزگار اور کاروبار سے محروم کر دیا ہے۔انہوں نے سرینگر جموں ہائی وے پر سانحہ رام بن کے متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور مقبوضہ کشمیرکی معیشت کوفروغ دینے کیلئے سرینگر-راولپنڈی روڈ کو دوبارہ کھولنے کا مطالبہ کیا۔

حریت ترجمان نے سیاسی انتقام کانشانہ بنانے کیلئے گرفتار کئے گئے حریت رہنمائوں اورکشمیری نوجوانوں سمیت ہزاروں سیاسی قیدیوں کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔انہوں نے کشمیریوں پر زوردیاکہ وہ بھارت کی ہندوتوا حکومت کے مظالم اور کشمیردشمن پالیسیوں کے خلاف متحد ہوجائیں اور اپنی اسلامی تہذیب، مذہب، املاک، روحانی مراکز، مذہبی مقامات، اسکولوں اور مساجد کو بی جے پی اورآر ایس ایس کی جارحیت سے بچائیں۔