بلوچستان ہائیکورٹ نے بی این پی کے 76 کارکنوں کا تھری ایم پی او ختم کر دیا

منگل 22 اپریل 2025 19:53

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2025ء)بلوچستان ہائیکورٹ نے بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے 76 سے زائد کارکنوں کا مینٹی ننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او) تھری ختم کرنے کا حکم دے دیا۔بلوچستان ہائیکورٹ میں بی این پی کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت بلوچستان ہائیکورٹ کے بینچ نمبر تھری کے جج جسٹس روزی خان اور جسٹس سردار حلیمی نے کی۔

بلوچستان ہائیکورٹ نے وکلائے طرفین کے دلائل سننے کے بعد بی این پی کے 76 سے زائد کارکنوں کے خلاف تھری ایم پی او ختم کرنے کا حکم دے دیا۔

(جاری ہے)

عدالت عالیہ بلوچستان نے نے بی این پی کے کارکنوں کو جیل سے رہا کرنے کا حکم بھی جاری کیا ہے۔واضح رہے کہ بی این پی مینگل کے سربراہ اختر مینگل نے بلوچستان یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) کی خواتین کارکنوں کی رہائی کے لیے گزشتہ دنوں وڈھ سے کوئٹہ تک لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا۔

اختر مینگل کی سربراہی میں کارکنوں کی بڑی تعداد وڈھ سے لانگ مارچ میں شریک ہوئی، تاہم دفعہ 144 نافذ ہونے کی وجہ سے شرکا کو کوئٹہ جانے سے روک دیا گیا تھا، جس پر بی این پی نے مستونگ میں لکپاس کے مقام پر کئی روز تک دھرنا دیا تھا۔بعد ازاں بی این پی کی جانب سے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا تھا۔