فیصل آباد،پی ٹی اے اور ایف آئی اے کے چھاپے،ٹیمپرنگ موبائل فونز اور سافٹ ویئر برآمد

منگل 22 اپریل 2025 23:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2025ء) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے ) زونل آفس فیصل آباد نے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے ہمراہ کچہری بازار، کلاک ٹاورمیں موبائل شاپس پر چھاپے مارے۔منگل کوپاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی سے جاری بیان کے مطابق چھاپے کے دوران دو دکانوں سے 17 پیچیڈ موبائل فونز برآمد کیے گئے جبکہ ایک ریپئر شاپ سے ایک Bait فون اور Chimera سافٹ ویئر لیپ ٹاپ قبضے میں لے لیا گیا، جو آئی ایم ای آئی ٹیمپرنگ کے لیے استعمال ہوتا ہے۔

اس موقع پر پانچ افراد کو بھی گرفتار کیا گیا جبکہ ایف آئی اے کی جانب سے ایف آئی آرز درج کر لی گئیں۔واضح رہے کہ یہ اقدامات پی ٹی اے کی جانب سے ٹیلی کام فراڈ کی روک تھام، قومی خزانے کو نقصان سے بچانے اور قومی سلامتی کو درپیش خطرات پر قابو پانے کی کوششوں کے تسلسل کا ایک حصہ ہیں۔

(جاری ہے)

غیر قانونی طور پر ٹیمپر کیے گئے فونز سنگین خطرات کا باعث بن سکتے ہیں جو سائبر کرائم، مالیاتی فراڈ، اغواء اور دیگر قانونی سرگرمیوں میں بھی استعمال ہو سکتے ہیں۔پی ٹی اے کی جانب سے عوام کو کہا جاتا ہے کہ وہ مشکوک ٹیمپرنگ یا کلوننگ کی اطلاع فوری طور پر دیں۔ ریگولیٹری قوانین پر عمل درآمد کا سلسلہ جاری رہے گا اور خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔