خیبرمیڈیکل یونیورسٹی اور پسطیر انسٹیٹیوٹ تیونس کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

منگل 22 اپریل 2025 23:19

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2025ء) خیبر میڈیکل یونیورسٹی(کےا یم یو) پشاور اور پسطیر انسٹیٹیوٹ آف تیونس کے مابین ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔ اس مفاہمی یادداشت کا مقصد عالمی ادارہ صحت اوراستوائی بیماریوں کی سائنسی تحقیق پر مبنی تنظیم کے تعاون کیلئے سیٹلائٹ ریجنل ٹریننگ سینٹر کا قیام ہے۔ یہ معاہدہ خیبر میڈیکل یونیورسٹی میں منعقدہ پانچویں بین الاقوامی پبلک ہیلتھ کانفرنس کے دوران طے پایا، جو کہ مشرقی بحیرہ روم کے ممالک میں امپلیمنٹیشن ریسرچ اور پبلک ہیلتھ ٹریننگ کو فروغ دینے کی ایک اہم پیش رفت ہے۔

یہ نیا تربیتی مرکز کے ایم یو انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ اینڈ سوشل سائنسز میں قائم کیا جائے گا جہاں عالمی ادارہ صحت گلوبل ٹریننگ سینٹر تیونس کی زیر نگرانی سرٹیفائیڈ کورسز، ڈپلومہ پروگرامز، رہنمائی اور تحقیقاتی معاونت فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس منصوبے کے پرنسپل انویسٹیگیٹر کے طور پر کے ایم یو کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق (ستارہ امتیاز) خدمات انجام دیں گے جبکہ ڈائریکٹر آئی پی ایچ اینڈ ایس ایس ڈاکٹر خالد الرحمٰن اور ہیڈ ڈیپارٹمنٹ آف ایپیڈیمیالوجی اینڈ بایواسٹیٹسٹکس ڈاکٹر شیراز فزید کوانویسٹیگیٹرز ہوں گے۔

پسطیر انسٹیٹیوٹ کی نمائندگی ڈاکٹر وفا کمن کر رہی ہیں۔اس موقع پر وی سی کے ایم یو پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے اس معاہدے کو پاکستان کے شعبہ صحت عامہ کے لیے ایک تاریخی سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ شراکت داری خطے میں ثبوت پر مبنی پالیسی سازی اور صحت کے نظام کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔خیبر میڈیکل یونیورسٹی کو عالمی ادارۂ صحت کے تحت مشرقی بحیرہ روم کے لیے سیٹلائٹ ریجنل ٹریننگ سینٹر قرار دیا جانا نہ صرف ایک اعزاز ہے بلکہ پاکستان کے شعبۂ صحت عامہ اور تعلیم میں ایک شاندار کامیابی ہے۔

یہ سینٹر نہ صرف تربیت بلکہ تحقیقاتی معاونت اور پیشہ ورانہ رہنمائی فراہم کرے گا، جس سے خطے کے ہیلتھ پروفیشنلز کو فائدہ پہنچے گا اور پبلک ہیلتھ پالیسی و پریکٹس کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔