بھارتی فوجیوں نے بارہمولہ میں دو کشمیری نوجوان شہید کر دیے

بدھ 23 اپریل 2025 12:06

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں ضلع بارہمولہ میں دو کشمیری نوجوانوں کو ایک جعلی مقابلے میں شہید کر دیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوںکو ضلع کے علاقے سرجیون اوڑی نالہ کے قریب محاصرے اور تلاشی کی ایک پرتشدد کارروائی کے دوران ایک جعلی مقابلے میں شہید کیا۔

(جاری ہے)

بھارتی فوج کے ایک افسرنے میڈیا کو بتایا کہ اوڑی نالہ کے قریب سرجیون کے علاقے میں 2سے 3 افراد کو دیکھا گیا۔ علاقے میں تعینات فوجیوں نے نقل و حرکت کا پتہ لگایا اور انہیں چیلنج کیا جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔یہ کارروائی ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب مقبوضہ جموں و کشمیر میں پہلگام واقعے کے بعدجس میں 26افراد ہلاک ہوئے ہیں اوران میں زیادہ تر غیر مقامی ہیں، ہائی الرٹ جاری کیاگیاہے۔