ریلویز پولیس کو دیگر فورسز کی طرح ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ

ریلویز پولیس کا اپنا ڈیٹا سرور ہوگا اور تمام ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کیا جائے گا‘ آئی جی ریلویز

بدھ 23 اپریل 2025 17:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2025ء) ریلوے پولیس کو تین ماہ میں پنجاب پولیس کی طرز پر ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ۔ اس حوالے سے آئی جی ریلویز پولیس رائے محمد طاہر نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پی آئی ٹی بی کے تعاون سے ریلویز پولیس کا اپنا ڈیٹا سرور ہوگا اور تمام ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کیا جائے گا، مینول طریقہ آہستہ آہستہ ختم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے پولیس اہلکاروں کے لیے قواعد و ضوابط بنا دیے گئے ہیں، ریلوے میٹریل کی چوری روکنے کے لیے اہلکار ویڈیو بنا کر جائے گا اور وہ ویڈیوز کلپ ریکارڈ کا حصہ ہوگا، آنے اور جانے والے اہلکار پابند ہوں گے۔آئی جی ریلویز پولیس نے بتایا کہ ریلویز پولیس میں نفری کی تعداد پوری کرنے کے لیے 500پوسٹوں پر بھرتیوں کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے، دسمبر تک مزید ہزار اہلکاروں کی بھرتی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے 30بڑے اور 70چھوٹے ریلوے اسٹیشنز پر کیمروں اور سکیورٹی آلات کے لیے 3ارب کا پروجیکٹ تیار کیا ہے، 5ارب کی لاگت سے ریلویز کے 50پولیس اسٹیشن کو اپ گریڈ کیا جائے گا، 8ارب کے پروجیکٹ آئندہ سال وفاقی ترقیاتی اسکیموں کا حصہ ہوں گے۔آئی جی ریلویز پولیس نے بتایا کہ ریلوے پولیس میں کرپشن کرنے والوں کی کوئی جگہ نہیں، جو پولیس اہلکار کرپشن کرے گا وہ فارغ ہوگا اور یلوے پولیس میں نہیں ہوگا۔ ریلوے پولیس کی انویسٹیگیشن آفیسرز کو 3 ماہ کی جدید ٹریننگ کروائی جائے گی، ریلویز پولیس کو لاجسٹک اور انویسٹیگیشن کے لیے ایڈوانس فنڈز فراہم کیے ہیں، آئندہ 3 ماہ میں آپ کو ریلوے پولیس میں واضح تبدیلی نظر آئے گی۔