بار ایسوسی ایشن کہوٹہ کے زیر اہتمام وکلا کیلئے لیکچر کا انعقاد، ضمانت اور اس کی اقسام کے موضوع پر تفصیلی آگاہی

بدھ 23 اپریل 2025 17:26

کہوٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2025ء)سپریم کورٹ آف پاکستان کے حالیہ فیصلے کی روشنی میں، تمام لا گریجویٹس کے لیے وکالت کے لائسنس کے حصول سے قبل بار ایسوسی ایشنز کے ووکیشنل کورسز میں شرکت لازم قرار دی گئی ہے۔ اسی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے پنجاب بار کونسل کے زیر نگرانی بار ایسوسی ایشن کہوٹہ کے تحت ’’ضمانت اور اس کی اقسام‘‘کے عنوان سے ایک اہم لیکچر کا انعقاد کیا گیا۔

جنرل سیکرٹری کہوٹہ بار ایسوسی ایشن، خالد ظہیر راجا ایڈووکیٹ نے لیکچر دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی قانون میں ضمانت مختلف مراحل پر دی جا سکتی ہے، جس کا انحصار مقدمہ کی نوعیت، عدالت کی صوابدید، اور ملزم کے کردار پر ہوتا ہے۔ انہوں نے ضمانت قبل از گرفتاری، بعد از گرفتاری، قابل ضمانت اور ناقابل ضمانت دفعات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

لیکچر کے اختتام پر نوجوان وکلا کی تربیت کے لیے ایک فرضی عدالت (Mock Court) کا انعقاد بھی کیا گیا۔

نوجوان وکلا کو دو ٹیموں میں تقسیم کیا گیا، جن میں ایک ٹیم نے ملزم کی جانب سے ضمانت کی درخواست پیش کی، جبکہ دوسری ٹیم نے مدعی مقدمہ کی نمائندگی کرتے ہوئے ضمانت کی مخالفت کی۔ فرضی عدالت میں خالد ظہیر راجا ایڈووکیٹ، عالم زیب ستی ایڈووکیٹ، اور عماد کیانی ایڈووکیٹ نے بطور ججز دونوں فریقین کے دلائل سنے اور فیصلہ سنایا۔ اس سرگرمی کا مقصد نوجوان وکلا کو عدالتی طریقہ کار، دلائل کی پیشکش، اور ضمانت کی درخواست جمع کرانے کے طریقہ کار سے آگاہ کرنا تھا۔شرکا نے لیکچر اور عملی مشق کو نہایت مفید قرار دیتے ہوئے بار ایسوسی ایشن کہوٹہ کی اس کاوش کو سراہا۔