Live Updates

معدنیات بل پر فضول باتیں کی جا رہی ہیں کہ یہ ہوگیا وہ ہو گیا، کچھ بھی نہیں ہوا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ

جو بل ہم اسمبلی میں لے کر گئے ہیں، اس کی کوئی ایک شق بتا دیں جس میں اختیارات ایس آئی ایف سی یا وفاق کو جائیں، یہ نہ ہو سکتا ہے اور ہی نہ ہم کریں گے؛ علی امین گنڈاپور کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی بدھ 23 اپریل 2025 15:09

معدنیات بل پر فضول باتیں کی جا رہی ہیں کہ یہ ہوگیا وہ ہو گیا، کچھ بھی ..
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اپریل 2025ء ) وزوزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنداپور کا کہنا ہے کہ معدنیات بل پر فضول باتیں کی جا رہی ہیں کہ جی یہ ہوگیا وہ ہو گیا، کچھ بھی نہیں ہوا۔ پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو بل ہم اسمبلی میں لے کر گئے ہیں، اس کی کوئی ایک شق بتا دیں جس میں اختیارات ایس آئی ایف سی یا وفاق کو جائیں، یہ نہ ہو سکتا ہے اور ہی نہ ہم کریں گے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور نے وفاقی حکومت کے افغانستان کے حالیہ دورے پر بھی سخت تنقید کی اور کہا کہ وفاقی وفد کا افغانستان کا دورہ ان کے پلان کے مطابق نہیں تھا، اور نہ ہی اس میں خیبرپختونخوا حکومت کو اعتماد میں لیا گیا، وفاقی وفد صرف کوٹ پینٹ پہن کر گیا اور ہمیں نہیں معلوم کہ وفد نے وہاں جا کر کس نوعیت کے معاملات پر بات چیت کی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخواہ کو اس عمل سے الگ رکھ کر کیے گئے مذاکرات کبھی بھی مثبت نتائج نہیں دے سکتے، ہم اپنے صوبے کے مفادات کے نگہبان ہیں اور وفاق کو چاہیئے کہ وہ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ ضرور کرے لیکن ایسے اہم قومی معاملات میں صوبے کو نظرانداز نہ کرے، اگر خیبرپختونخواہ کو اعتماد میں نہ لیا گیا تو بین الاقوامی سطح پر ہونے والے مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

علاوہ ازیں ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخواہ مائنز اینڈ منرلز ایکٹ کی منظوری کے معاملے پر وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان سے مشاورت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، علی امین گنڈا پور عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل جائیں گے جہاں ہونے والی ملاقات میں دیگر اہم سیاسی امور بھی زیر بحث آئیں گے، ملاقات میں پارٹی کے اندرونی معاملات پر بھی بات چیت ہوگی اس کے علاوہ ملاقات میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ بانی پی ٹی آئی سے مائنز اینڈ منرلز بل پرحتمی رائے لیں گے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے ترجمان نے بتایا کہ مائنز اینڈ منرلز سے ایک سال میں 5 اعشاریہ 70 ارب روپے رائلٹی حاصل کی، ضم اضلاع میں معائنہ دفاتر کا قیام عمل میں آیا ہے، 7 نئے دفاتر کھولے گئے، معدنیات سیکٹر میں 447 لائسنس جاری کیے گئے جب کہ 482 منسوخ کیے گئے ہیں، مزدوروں کے بچوں کیلیے 10 کروڑ روپے کے وظائف دیئے گئے ہیں، 2 ہزار 690 مزدوروں کو سیفٹی ٹریننگ فراہم کی گئی، معدنیات کے شعبے کے مزدوروں کو علاج کی سہولیات دی گئیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات