پاکستانی قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے،ملک امین اسلم

بدھ 23 اپریل 2025 18:19

حضرو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2025ء) سابق وفاقی وزیر ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے،پہلگام حملے کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف جھوٹا، بے بنیاد اور اشتعال انگیز پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے۔ بھارت کو ہر بار کی طرح اس بار بھی ایک داخلی ناکامی کو پاکستان کے کھاتے میں ڈالنے کی کوشش سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

یہ طرز عمل نہ صرف غیر ذمہ دارانہ ہے بلکہ خطے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے۔پاکستان ایک پرامن ملک ہے، جس نے ہمیشہ دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن اسٹیٹ کا کردار ادا کیا ہے۔ ہماری مسلح افواج نے بے پناہ قربانیاں دے کر نہ صرف ملکی سرزمین کو دہشتگردوں سے پاک کیا بلکہ عالمی برادری کے سامنے ایک مثالی کردار پیش کیا ہےقوم کا ہر فرد آج اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

(جاری ہے)

ہمیں اپنی پاک فوج پر مکمل اعتماد ہے کہ وہ نہ صرف ملکی سرحدوں کی حفاظت کرنا جانتی ہے بلکہ دشمن کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔ بھارت یہ جان لے کہ پاکستان کی امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائےپاکستان اقوام متحدہ کی نیشنل سیکیورٹی کونسل کا ممبر ہے، اور ہم اس فورم پر بھی بھارت کے اس جھوٹے پروپیگنڈے اور فالس فلیگ آپریشن کو مکمل طور پر بےنقاب کریں گے"بھارت کو اگر اپنی ریاستی ناکامیوں اور اندرونی سیکیورٹی مسائل سے توجہ ہٹانی ہے، تو اس کے لیے پاکستان کو قربانی کا بکرا بنانا بند کرنا ہوگا۔

پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست ہے جو امن چاہتی ہے، لیکن اپنی خودمختاری اور سالمیت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ ہماری قوم اور افواج کسی بھی بھارتی جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دینے کے لیے مکمل تیار ہیں۔\378