کرم، کوہاٹ امن معاہدہ کے تحت امن و امان کی مجموعی صورتحال کی بہتری کیلئے کوششیں جاری

فریقین سے بھاری ہتھیاروں کی رضاکارانہ واپسی کا عمل فوری طور پر شروع کرنے کا فیصلہ

بدھ 23 اپریل 2025 23:27

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2025ء) قبائلی ضلع کرم میں کوہاٹ امن معاہدہ کے تحت امن و امان کی مجموعی صورت حال مزید بہتر کرنے کے لئے کوششیں جاری ہیں اور بہت جلد معمولات زندگی مکمل طور پر بحال ہو جائیں گے جبکہ امن معاہدہ پر عملدرآمد کرکے دونوں فریقین سے بھاری ہتھیاروں کی رضاکارانہ واپسی کا عمل بھی فوری طور پر شروع کیا جائے گا ۔

اس ضمن میں گزشتہ روز قبائلی ضلع کرم کے صدر مقام پارہ چنار میں گورنر کاٹیج میں علاقہ میں امن و امان کی مکمل بحالی اورمستقل بنیادوں پرپائیدارامن برقرار رکھنے کے لئے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) 9 ڈویژن میجر جنرل ذوالفقار علی بھٹی ‘ مقامی بریگیڈ کمانڈر،کمشنر کوہاٹ ڈویژن مُعتصم باللہ شاہ اور ڈی آئی جی کوہاٹ عباس مجید مروت‘ ڈپٹی کمشنر کرم‘ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کرم ‘ امن جرگہ اراکین اور مقامی عمائدین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فریقین کو غیرمسلح کرکے بھاری ہتھیاروں کی رضا کارانہواپسی شروع کرنے پر بات چیت کی گئی جسے جمع کرکے محفوظ مقامات پررکھاجائے گا۔ اس موقع پر فریقین نے کوہاٹ امن معاہدے کے تکمیل میں اپنی قومی ذمہ داریاں پوری کرنے کا یقین دلایا اورتقریباً ایک ہزار مورچے مسمار کرنے پر تمام حکومتی اداروں کا شُکریہ ادا کیا ۔ فریقین نے امن معاہدہ پر مزید عملدرآمد کے سلسلے میں بھاری ہتھیاروں کی رضاکارانہ واپسی کا عمل فوری طور پر شروع کرنے کی حامی بھرلی ۔

قبائلی عمائدین نے دہشت گردی کے خلاف اپنے عزم کا اظہار کیا اور ریاستی اداروں کے ساتھ مکمل اور بھرپورتعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ اجلاس میں بتایاگیا کہ مرکزی شاہراہ سمیت تمام اہم راستوں پر عوام کی محفوظ آمد و رفت کے لیے طویل المدتی سیکیورٹی انتظامات کیے جا رہے ہیں جبکہ زمینی تنازعات کے حل کے لئے بھی مناسب اقدامات کرنے پر زوردیا گیا۔دریں اثناء مرکزی شاہراہ پر واقع کرم کے مرکزی شہر پارہ چنار کے نواحی علاقہ سمیر چنار آباد میں مقامی انتظامیہ کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے نتیجے میں احتجاجی دھرنا ختم ہوگیا جبکہ گزشتہ شب پولیس نے دھاوابول کر پارہ چنار میں پریس کلب کے باہر 53 دنوں سے جاری دھرنے کے احتجاجی کیمپ کواکھاڑپھینکا۔