کلک اپنی بنائی جانے والی فزیبلیٹی میں یونین کونسلز کو بھی آن بورڈ لے ،سعید غنی

سندھ سولڈ مینجمنٹ بورڈ تمام ڈسٹرکٹ اور ٹائونز کی سطح پر قربانی کی آلائشوں کو اٹھانے اور انہیں ٹھکانے لگانے کے حوالے سے پالیسی مرتب کرے،وزیر بلدیات

بدھ 23 اپریل 2025 19:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2025ء)وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی میں پراپرٹی کے سروے کے حوالے سے کلک اپنی بنائی جانے والی فزیبلیٹی میں یونین کونسلز کو بھی آن بورڈ لیں، کلک کے سروے کے تحت اس وقت شہر میں صرف 9 لاکھ 54 ہزار پروپرٹیز رجسٹرڈ ہیں جبکہ پولیو، کے الیکٹرک و دیگر ذرائع سے کلک نے جو ڈیٹا کلیکشن کیا ہے اس کے مطابق 33 لاکھ سے زائد پروپرٹیز رہائشی و کمرشل کراچی میں موجود ہیں،سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ عیدالاضحی سے قبل تمام ڈسٹرکٹ اور ٹائونز کی سطح پر قربانی کی آلائشوں کو اٹھانے اور انہیں ٹھکانے لگانے کے حوالے سے پالیسی مرتب کرے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز کلک کے مرکزی دفتر میں منعقدہ دو علیحدہ علیحدہ اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

کلک کے اجلاس میں پروجیکٹ ڈائریکٹر کلک عائشہ حمید، ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر تبریز مری و دیگر افسران بھی موجود تھے۔ پی ڈی کلک نے اس پروجیکٹ کے حوالے سے اب تک کی جانے والی تیاریوں کے حوالے سے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا اور بتایا کہ ورلڈ بینک کے تحت اس کراچی میں پراپرٹی کے سروے کے لئے جو تیاریاں کی گئی ہیں اس میں اب تک یہ بات سامنے آئی ہے کہ کراچی میں 33 لاکھ سے زائد کمرشل و رہائشی پروپرٹیز ہیں جن میں وہ پروپرٹیز بھی شامل ہیں جو ٹیکس کے زمرے میں نہیں آتی، جبکہ اس کے برعکس اس وقت 9 لاکھ 54 پروپرٹیز رجسٹرڈ ہیں جن میں سے 5 لاکھ 44 ہزار ٹیکس ادا کرنے اور 4 لاکھ 32 ہزار ٹیکس سے مستثنی ہیں۔

سعید غنی نے کہا کہ تمام پروپرٹیز کے سروے کے لئے جو اقدامات اب تک کئے گئے ہیں اس کو مزید آسان بنایا جائے اور ٹائونز کے ساتھ ساتھ یونین کونسلز کی سطح پر بھی منتخب نمائندوں کو اس میں آن بورڈ لیا جائے کیونکہ یوسی سے منتخب چیئرمین و دیگر اسی علاقے سے ہوتے ہیں تو وہ اس میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پراپرٹی سروے کے وقت تمام مکینزم کو پورا کیا جائے اور عوام تک رسائی اور ان کو سروے میں آسان اور سہل زبان کا استعمال کیا جائے۔

بعد ازاں صوبائی وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کی زیر صدارت سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایم ڈی سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ طارق نطامانی، مبین شیخ و دیگر بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے تمام ڈسٹرکٹ و ٹائون کی سطح پر جاری صفائی ستھرائی کے کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لی اور موقع پر ہدایات جاری کی۔ صوبائی وزیر نے ایم ڈی سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو ہدایات دی کہ آنے والی عیدالاضحی سے قبل تمام ڈسٹرکٹ اور ٹائونز کی سطح پر قربانی کی آلائشوں کو اٹھانے اور انہیں ٹھکانے لگانے کے حوالے سے پالیسی مرتب کرنا شروع کریں اور تمام افسران کی مشاورت سے اس حوالے سے ایک ٹھوس اور مربوط پروگرام مرتب دیا جائے۔