سونے کی قیمت میں بڑے اضافے کے بعد آج 11ہزار 700 روپے کی بڑی کمی ہوگئی

گزشتہ دو روز میں سونے کی قیمت میں 14 ہزار روپے کا اضافہ ہوا، سونے کی قیمت کم ہوکر 3 لاکھ 52 ہزار روپے کی سطح پر آگئی ہے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 23 اپریل 2025 19:48

سونے کی قیمت میں بڑے اضافے کے بعد آج 11ہزار 700 روپے کی بڑی کمی ہوگئی
کراچی ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 23 اپریل 2025ء ) عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، عالمی منڈی میں سونے کے نرخ بڑھنے پر پاکستان میں بھی سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا، لیکن آج سونے کی قیمت میں بڑی کمی ہوگئی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہونے کے باعث پاکستان میں بھی سونے کی قیمت بڑھ گئی تھی، پچھلے دو روز میں سونے کی قیمت میں 14 ہزار روپے کا اضافہ ہوا تھا۔

لیکن آج سونے کی قیمت میں 11 ہزار 700 روپے کمی ہوگئی ہے، فی تولہ سونے کی قیمت کم ہونے کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں نئی قیمت 3 لاکھ 52 ہزار روپے ہوگئی ہے۔ اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت بھی کم ہوگئی ہے۔ 10 گرام سونے کی قیمت میں 10 ہزار31 روپے کی کمی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

دس گرام سونے کی نئی قیمت 3 لاکھ ایک ہزار 783 روپے کی سطح پر آ گئی ہے۔ 

دوسری جانب  پاکستان کی انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق بدھ کو انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 20 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 280 روپے 96 پیسے ہو گئی ہے۔ انٹر بینک مارکیٹ میں سعودی ریال کی قدر 74 روپے 90 پیسے جبکہ بحرینی دینار کی قدر 745 روپے 43 پیسے رہی۔ اسی طرح عمانی ریال کی انٹربینک مارکیٹ میں قدر 729 روپے 79 پیسے رہی، کویتی دینار کی قدر 917 روپے 29 پیسے اور قطری ریال کی قدر 77 روپے 07 پیسے ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید 280 روپے 10 پیسے اور قیمت فروخت 282 روپے 50 پیسے ریکارڈ کی گئی