گ*چیئرمین وزیر اعلیٰ ٹاسک فورس برائے جیل خانہ جات رانا منان خان کا دورہ یو ای ٹی

-وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر کو عالمی رینکنگ میں نمایاں مقامات حاصل کرنے پر مبارکباد /رانا منان خان نے پی ایچ ای سی اور ایچ ای ڈی کے اشتراک سے ہونیوالے پن ٹیک مقابلوں میں یو ای ٹی کی نمایاں کامیابی کو سراہا

بدھ 23 اپریل 2025 20:45

/ لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2025ء) چیئرمین وزیر اعلی پنجاب ٹاسک فورس برائے جیل خانہ جات، رانا منان خان نے یو ای ٹی لاہور کا دورہ کیا اور وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر سے ملاقات کی۔ وائس چانسلر نے رانا منان کا استقبال کیا اور یو ای ٹی آمد پر خوش آمدید کہا۔ ڈاکٹر شاہد منیر نے یونیورسٹی کی پالیسیوں اور مختلف پراجیکٹس پر رانا منان کو بریفنگ دی۔

انہوں نے یونیورسٹی کے مالی استحکام کے حوالے سے اٹھائے جانیوالے اقدامات کو موضوع گفتگو بنایا۔ ملاقات کے دوران رانا منان خان نے وائس چانسلر کو یونیورسٹی کی عالمی رینکنگ میں نمایاں مقامات حاصل کرنے اور بالخصوص پی ایچ ای سی اور ایچ ای ڈی کے اشتراک سے ہونیوالے حالیہ پن ٹیک ایکسپو مقابلہ جات میں کامیابی پر مبارکباد دی، ڈاکٹر شاہد منیر نے امید ظاہر کی کہ رانا منان اپنے آبائی علاقے نارووال میں واقع یو ای ٹی کے کیمپس کی ترقی و خوشحالی اور وہاں کے اساتذہ اور ملازمین کی فلاح و بہبود کے حوالے سے، جو کہ پہلے ہی سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کی قیادت میں سرپرستی کا سلسلہ جاری ہے، اسکو مزید آگے بڑھائیں گے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر شاہد منیر نے ہونہار سکالرشپ پروگرام کے حوالے سے وزیراعلی پنجاب کے ویڑن کو سراہا اسکے علاوہ انہوں نے وزیر اعلیٰ لیپ ٹاپ سکیم جیسے اقدامات کو تعلیم دوست قرار دیا۔ انکا کہنا تھا کہ یوتھ کی سرپرستی اور مستقبل کے ٹیلنٹ کو مزید قابل عمل بنانے اور انکی مہارتوں کو جلا بخشنے کے حوالے سے یہ اقدامات بڑا اہم کردار ادا کریں گے۔