پاکستان: جاپان کا افغان مہاجرین کے لیے 30 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان

یو این جمعرات 24 اپریل 2025 01:30

پاکستان: جاپان کا افغان مہاجرین کے لیے 30 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 24 اپریل 2025ء) پاکستان میں موجود افغان مہاجرین اور ان کی میزبانی کرنے والی پاکستانی برادریوں کی مدد کے لیے جاپان کی حکومت نے پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے (یو این ایچ سی آر) کو تیس لاکھ امریکی ڈالر کی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

میزبان برادریوں کو درپیش انسانی مشکلات کے پیش نظر، جاپان کی یہ اہم شراکت 2024 کے ضمنی بجٹ سے فراہم کی جائے گی۔

اس امداد سے پاکستان بھر میں پناہ گزینوں اور ان کی میزبانوں کو تحفظ، دستاویزات کی فراہمی، صنفی بنیاد پر تشدد سے بچاؤ، صحت کی سہولیات اور معاشی مواقع فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

ان اقدامات کے تحت خواتین سمیت تمام افراد کو بنیادی صحت کی دیکھ بھال میسر آئے گی اور پناہ گزینوں کے ساتھ ساتھ ان کے میزبانوں کو بھی ہنرمندی کی تربیت دی جائے گی تاکہ وہ باعزت روزگار کمانے کے لائق ہو سکیں۔

(جاری ہے)

جاپان یو این ایچ سی آر کے سب سے بڑے مددگاروں میں سے ایک ہے اور 2024 میں عالمی سطح پر عطیہ دہندگان کی فہرست میں ساتویں نمبر پر تھا۔ 2020 سے اب تک جاپان نے پاکستان میں پناہ گزینوں کی مدد کے لیے تعلیم، تحفظ، معاش، پانی و صفائی کی خدمات اور بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے علاوہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی امداد سمیت ایک کروڑ پینتالیس لاکھ امریکی ڈالر سے زیادہ کی مالی مدد فراہم کی ہے۔