Live Updates

پاکستان اورترکیہ میں اقتصادی واسٹرٹیجک تعاون میں اضافہ ہورہا ہے،میاں زاہد حسین

وزیراعظم پاک ترکیہ تجارت کوپانچ ارب ڈالرتک بڑھانے کے خواہاں ہیں،صدر کراچی انڈسٹریل الائنس

جمعرات 24 اپریل 2025 16:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2025ء)نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولزفورم وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر، ایف پی سی سی ائی پالیسی ایڈوائزری بورڈ کے چیئرمین اورسابق صوبائی وزیرمیاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی وجہ سے پاکستان اورترکیہ کے درمیان اقتصادی واسٹرٹیجک تعاون میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے جودونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔

دونوں برادر ممالک تاریخی، ثقافتی اورمذہبی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اورعالمی سطح پرتعاون کوفروغ دے کرایک دوسرے کے حقیقی شراکت داربن چکے ہیں۔ میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف ترکی سے تعلقات کومزید بڑھانے کے خواہاں ہیں اورموجودہ تجارتی حجم کوبڑھا کرآئندہ چند برسوں میں 5 ارب ڈالرتک لے جانا چاہتے ہیں جس میں کاروباری برادری ان وزیراعظم کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

ترک کمپنیاں پاکستان میں انفراسٹرکچر، توانائی، تعمیرات اورٹرانسپورٹ کے شعبوں میں بھرپوردلچسپی لے رہی ہیں جبکہ بہت سی پاکستانی کمپنیاں بھی ترکی سے تجارت میں دلچسپی کا اظہار کررہی ہیں۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ دفاعی تعاون میں بھی پاک ترکی تعلقات مسلسل مضبوط ہورہے ہیں۔ دونوں برادرممالک کی افواج کی مشترکہ مشقیں، عسکری تربیت، اوردفاعی سازوسامان کی تیاری میں اضافہ ہورہا ہے۔

ترکی پاکستان کوجدید جنگی جہازوں، ڈرون ٹیکنالوجی اورتربیتی سہولیات کی فراہمی میں بھی تعاون کررہا ہے۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ بہت سے عالمی معاملات پردونوں ممالک کا موقف یکساں ہوتا ہے اوردونوں برادرملک ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں جس میں کشمیر، فلسطین اورافغانستان جیسے حساس عالمی مسائل شامل ہیں۔ پاکستان اورترکی ایک دوسرے کی علاقائی سلامتی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کی بھی حمایت کرتے ہیں جبکہ ثقافتی سطح پر بھی قربت بڑھ رہی ہے۔

ترکی کے ٹی وی ڈرامے پاکستانی ناظرین میں مقبول ہوچکے ہیں، جبکہ تعلیمی میدان میں بھی تعاون کیا جا رہا ہے۔ میاں زاہد حسین نے مزید کہا کہ ترکیہ پاکستان میں ہونے والی ہرقسم کی دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتا جبکہ کشمیرپر بھی غیرمتزلزل حمایت کرتا ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے ترکی کے دورے کے موقع پرکہا ہے کہ رجب طیب اردوان کی قیادت میں ترکیہ نے مثالی ترقی کی اور یہ کہ وہ ایک دوراندیش اوروژنری لیڈرہیں۔

اس موقع پروزیراعظم شہبازشریف نے مشترکہ منصوبوں اوردوطرفہ سرمایہ کاری کے ذریعے اقتصادی تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زوردیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین توانائی، کان کنی، دفاع، زرعی پیداوارکے مشترکہ منصوبوں، تجارت وعوامی تبادلوں کے فروغ، علاقائی اوردوطرفہ روابط میں اضافے، مصنوعی ذہانت اورسائبرسیکیورٹی جیسی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیزکے حوالیسے تعاون کے مواقع بھی اجاگرکئے۔ دونوں لیڈروں نے بجا طور پرغزہ کی صورتحال پرگہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے فوری جنگ بندی اورمتاثرہ آبادی کوانسانی امداد کی فراہمی پرزوردیا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات