وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت محکمہ زکوٰۃ کی تنظیم نو اور اصلاحات سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس منعقد

جمعرات 24 اپریل 2025 17:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت محکمہ زکوٰۃ کی تنظیم نو اور اصلاحات سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد کیا گیا۔ جس میں مستحقین تک مالی امداد شفاف اور بروقت انداز میں پہنچانے کے لئے مؤثر میکنزم پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چیف سیکرٹری بلوچستان کی سربراہی میں ایک جامع پلان مرتب کیا جائے گا جس میں محکمہ زکوٰۃ کی تنظیم نو، اصلاحات اور مؤثر حکمت عملی کے خدوخال شامل ہوں گے۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ اصلاحاتی عمل کے دوران محکمہ زکوٰۃ کے کسی بھی ملازم کو بے روزگار نہیں کیا جائے گا، البتہ دستیاب افرادی قوت کو مؤثر انداز میں یوٹیلائز کیا جائے گا،ہم ایسا نظام چاہتے ہیں جس کے تحت زکوٰۃ کی رقم براہ راست اسٹیٹ بینک سے جاری ہوکر مستحق فرد کے ذاتی اکاؤنٹ میں منتقل ہوجائے تاکہ کرپشن، کمیشن اور دفتری رکاوٹوں سے پاک ایک شفاف نظام قائم ہو۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے زکوٰۃ کی فراہمی میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کئی سال سے مستحق افراد کی ایک تعدادا زکوٰۃ سے محروم ہیں جو کہ انتہائی تشویش ناک امر ہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ پیچیدہ دفتری عمل کے بجائے ایک سمارٹ اور ڈیجیٹل نظام کے ذریعے فوری اور براہ راست امداد یقینی بنائی جائے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایک ماہ کے اندر اندر جامع سفارشات مرتب کرکے منظوری کے لیے پیش کی جائیں گی۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے محکمہ زکوٰۃ کی ڈیجیٹلائزیشن پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں زکوٰۃ تقسیم کے عمل میں شفافیت لانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔ اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری مذہبی امور، زکوٰۃ و اوقاف محترمہ شہناز صادق عمرانی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، پرنسیپل سیکرٹری ٹو چیف منسٹر بابر خان، سیکرٹری زکوٰۃ و مذہبی امور محمد اسحاق جمالی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔