لاہور ڈویژن میں دھی رانی پروگرام کے تحت 120مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی شاندار اور پروقار تقریب

28 اپریل تک 3000 جوڑوں کی شادیاں مکمل ہوں گی، اگلے سال ٹارگٹ 5000کر دیا جائے گا‘ سہیل شوکت بٹ

جمعرات 24 اپریل 2025 17:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2025ء)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوام دوست ویژن کے تحت ’’دھی رانی پروگرام‘‘کے دوسرے مرحلے کے سلسلے میں لاہور ڈویژن میں 120مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی ایک شاندار، رنگا رنگ اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔اس تقریب کا اہتمام محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب نے کیا، جس میں صوبائی وزیر برائے سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ مہمانِ خصوصی تھے۔

تقریب میں ڈاکٹر علی ایاز صادق، سیکرٹری سوشل ویلفیئر جاوید اختر محمود، ڈی جی سوشل ویلفیئر طارق قریشی اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔تقریب میں لاہور سے 55، قصور سے 24، شیخوپورہ سے 35 اور ننکانہ صاحب سے 9 جوڑوں کی شادیاں انجام پائیں۔

(جاری ہے)

خاص بات یہ رہی کہ دھی رانی پروگرام میں ایک معذور جوڑا اور چھ مسیحی جوڑے بھی شامل تھے، جو اس پروگرام کے بین المذاہب ہم آہنگی اور سماجی ہم بستگی کے جذبے کی عکاسی کرتے ہیں۔

حکومت پنجاب کی جانب سے ہر جوڑے کو 2 لاکھ 22 ہزار روپے مالیت کی مالی امداد فراہم کی گئی۔ تقریب میں نوبیاہتا جوڑوں کا روایتی استقبال، ثقافتی رقص، موسیقی اور والہانہ ماحول نے تقریب کو یادگار بنا دیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے کہا "دھی رانی پروگرام وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ایک غریب پرور اور تاریخی اقدام ہے، جو معاشرے کے کمزور طبقے کی خوشیوں کا ضامن بن چکا ہے۔

مریم نواز شریف نے پنجاب کے والدین کی حقیقی بیٹی ہونے کا ثبوت دیا ہے اور ثابت کیا ہے کہ وہ پنجاب کی دھی رانیوں کے خوابوں کو پورا کرنے والی وزیراعلیٰ ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ 28 اپریل تک ہم ان شاء اللہ 3000 اجتماعی شادیوں کا ہدف مکمل کر لیں گے، اور آئندہ مالی سال 2025-26 میں دھی رانی پروگرام کا دائرہ 3000 سے بڑھا کر 5000 شادیوں تک وسیع کر دیا جائے گا۔

یہ پروگرام والدین کا معاشی بوجھ کم کرنے اور بیٹیوں کی عزت افزائی کا مؤثر ذریعہ ہے۔صوبائی وزیر نے دھی رانی پروگرام کو ریاستِ مدینہ کے فلاحی تصور کا عملی نمونہ قرار دیا اور کہا کہ یہ پروگرام سماجی و طبقاتی ناہمواریوں کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنے وسیع پیمانے پر اجتماعی شادیوں کا پروگرام ترتیب دیا گیا ہے، جس سے صرف مسلمان ہی نہیں بلکہ دوسرے مذاہب کے مستحق خاندان بھی مستفید ہو رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دھی رانی پروگرام صرف شادیوں کا سلسلہ نہیں بلکہ یہ وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے ایک ویلفیئر ریاست کی عملی تصویر ہے۔ جو بھی ریاست مدینہ کا تصور دیکھنا چاہتا ہے، وہ دھی رانی پروگرام کو دیکھے۔شرکاء اور والدین نے اس شاندار انتظامات پر وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا اور اس تاریخی عوامی فلاحی اقدام کو سراہا۔