ڈاکٹر سعید قریشی نے ڈاؤ یونیورسٹی کو نئی بلندیوں تک پہنچایا، رائو قاسم

جمعرات 24 اپریل 2025 18:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2025ء)ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کراچی میں ایک پرتپاک اور باوقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں یونیورسٹی کے معزز وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سعید قریشی (تمغہ امتیاز) کی شاندار خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ اس پُراثر تقریب میں پیپلز پیرا میڈیکل ونگ سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری قائم علی جوکھیو، یونٹ صدر راؤ قاسم، سینئر نائب صدر محمد مشتاق، نائب صدر ناصر حسین اور راج محمد نے خصوصی شرکت کی اور ڈاکٹرسعید قریشی کی بے مثال قیادت، طبی تعلیم کے فروغ اور انسان دوست ماحول کے قیام کو بھرپور سراہا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پیرا میڈیکل ونگ ڈاؤ یونیورسٹی یونٹ کے صدر راؤ قاسم نے کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر محمد سعید قریشی ایک ایسی شخصیت ہیں جنہوں نے اپنی دانشمندی، تجربے اور بے لوث قیادت سے نہ صرف ڈاؤ یونیورسٹی کو نئی بلندیوں تک پہنچایا بلکہ ہزاروں طلباء، اساتذہ اور طبی عملے کے دلوں میں بھی گھر کیا۔

(جاری ہے)

اُن کی قیادت میں یونیورسٹی نے تحقیق، تدریس اور علاج کے میدان میں جو مقام حاصل کیا، وہ ناقابلِ فراموش ہے۔

ان کی بصیرت، عاجزی اور عملی وابستگی ہمارے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہے گی۔ڈاکٹر محمد سعید قریشی نہ صرف ایک ماہر منتظم اور تجربہ کار معالج ہیں بلکہ وہ ایک ایسے قائد ہیں جنہوں نے ہمیشہ انکساری، خلوص اور پیشہ ورانہ دیانت کو اپنا شعار بنایا۔ ان کی زیرِ قیادت ادارے میں جو ترقی ہوئی، وہ ان کے ویژن، محنت اور انسان دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ان کی قیادت میں ڈاؤ یونیورسٹی نے پانچ نئے تحقیقی شعبے قائم کیے، متعدد بین الاقوامی جامعات سے سائنسی اشتراک کیا اور تدریس کے جدید طریقے اپنائے، جس نے ادارے کی عالمی سطح پر شناخت کو مستحکم کیا۔ڈاکٹرسعید قریشی کی شخصیت ایک ایسے چراغ کی مانند ہے، جس نے نہ صرف اندھیروں کو روشنی دی بلکہ دوسروں کو بھی جلنے کا ہنر سکھایا۔ وہ ایک ایسی مہربان شخصیت ہیں جنہوں نے دوسروں کو سننا، سکھانا اور سنوارنا اپنا مقصدِ زندگی بنایا۔

اُن کی خدمات کو الفاظ میں سمیٹنا ممکن نہیں، لیکن ان کے اثرات ہر دل پر ثبت ہیں۔ڈاؤ یونیورسٹی کے اس روشن باب کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گااور ڈاکٹر محمد سعید قریشی کی علمی، فکری اور انتظامی میراث آئندہ نسلوں کے لیے ایک سرمایہ رہے گی۔ ان کا کردار، خلوص اور علم کا فیض ادارے میں دیرپا بنیادوں پر گونجتا رہے گا۔