بیرسٹر سلطان کی زیر صدارت یونیورسٹی آف کوٹلی کا اکیسواں سینٹ اجلاس

یونیورسٹی کو عالمی معیار کے مطابق بنانے ،جامعہ میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے تمام وسائل اور توانائیاں برو ئے کار لائی جائیں ، صدر آزاد کشمیر کی ہدایت

جمعرات 24 اپریل 2025 18:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2025ء)صدر آزاد جموں و کشمیرو چانسلر آزادجموں وکشمیر جامعات بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی زیر صدارت یونیورسٹی آف کوٹلی کا اکیسواں سینٹ اجلاس ایوان صدر کشمیر ہائوس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر یونیورسٹی آف کوٹلی کے سینٹ اجلاس میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف کوٹلی پروفیسر ڈاکٹر رحمت علی،سیکرٹری صدارتی امور ڈاکٹرمحمد ادریس عباسی،صدارتی مشیر چوہدری محمد محبوب ایڈووکیٹ ،وائس چانسلر یونیورسٹی آف پونچھ پروفیسر ڈاکٹر ذکریا ذاکر، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن چوہدری محمدطیب ، چیف پراسکیوٹر احتساب بیورو چوہدری حنیف ایڈووکیٹ، سابق وائس چانسلر فاطمہ جناح وویمن یونیورسٹی راولپنڈی پروفیسر ڈاکٹر صائمہ حمید،سابق جج سپریم کورٹ جسٹس محمد یونس طاہر اور دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف کوٹلی پروفیسر ڈاکٹر رحمت علی نے یونیورسٹی کی کارکردگی ،جاری پروجیکٹس اور یونیورسٹی میں فروغ تعلیم کے حوالے سے نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں پر سینٹ اجلاس کے ممبران کوتفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پریونیورسٹی آف کوٹلی کے اڑھائی سال بعد منعقد ہونے والے سینٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد جموں وکشمیر و چانسلر آزادجموں وکشمیر جامعات بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ یونیورسٹی کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے اور جامعہ میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے تمام وسائل اور توانائیاں برو ئے کار لائی جائیں تاکہ یونیورسٹی میں زیر تعلیم طلبا و طالبات یکساں نظام تعلیم کے مواقعوں سے مستفید ہو سکیں اور یہاں سے فارغ التحصیل ہو کر معاشرے کی فلاح و بہبود اور تعمیر و ترقی کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کر سکیں۔

صدر آزاد جموں وکشمیر و چانسلر آزادجموں وکشمیر جامعات بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ جامعہ کوٹلی میں میرٹ کو صاف و شفاف بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اُٹھائے جائیں اور معیار تعلیم کی بہتری کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ رکھی جائے۔ اس سلسلے میں صدر آزاد جموں وکشمیر و چانسلر آزادجموں وکشمیر جامعات بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے یونیورسٹی میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔