Live Updates

تاجر برادری مسلح افواج اور قومی سلامتی کے اداروں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے، آئی سی سی آئی

جمعرات 24 اپریل 2025 20:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2025ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی)نے پہلگام واقعہ کے بعد پاکستان کے خلاف ہندوستان کے بے بنیاد الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے پاکستان کی مسلح افواج، قومی سلامتی کے اداروں اور ملک کی قیادت کے تمام فیصلوں کی غیر متزلزل حمایت کا اعلان کیا ہے ۔ جمعرات کو چیمبر کے جاری مشترکہ بیان میں آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی، سینئر نائب صدر عبدالرحمان صدیقی اور نائب صدر ناصر محمود چوہدری نے کہا ہے کہ اگرچہ پہلگام واقعہ افسوسناک ہے لیکن بغیر ثبوت کے پاکستان پر الزام لگانے کی بھارت کی فوری کوشش نہ صرف قابل مذمت ہے بلکہ اس کی مسلسل غلط معلومات پھیلانے کے طرز عمل کو بھی بے نقاب کرتی ہے۔

صدر ناصر منصور قریشی نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج پوری قوم کی حمایت سے کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری مسلح افواج اور حکومت کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے اور ملکی دفاع اور خودمختاری کے لئے ہر قسم کی قربانی دینے کے لئے تیار ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسے بے بنیاد الزامات پاکستانی قوم کے عزم کو پست نہیں کر سکتے، اس کے بجائے وہ صرف قومی اتحاد کو تقویت دیتے ہیں۔

انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بے بنیاد الزام تراشی کے ذریعے اپنے اندرونی چیلنجوں سے توجہ ہٹانے کی بھارت کی بار بار کی کوششوں کا سنجیدگی سے نوٹس لے۔آئی سی سی آئی نے موجودہ صورتحال کے جواب میں پاکستان کی دفاعی کمیٹی کے تمام فیصلوں کی مکمل حمایت بھی کی۔ چیمبر نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو منسوخ کرنے یا اس میں خلل ڈالنے کی کسی بھی کوشش کو پاکستان کی لائف لائن پر حملہ قرار یا ۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات