’’ویزا ‘‘کے دفتر کے حجم کو تین گنا بڑھانے اور ون لنک اور پے پاک کے ساتھ اشتراک سے مالی شمولیت، ای کامرس اور ترسیلات زر کو فروغ ملے گا، وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی ’’ویزا ‘‘کے علاقائی نائب صدر اینڈریو ٹورے سے ملاقات میں گفتگو

جمعرات 24 اپریل 2025 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2025ء) وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان میں کارڈ پیمنٹ ادارہ ’’ویزا ‘‘کے دفتر کے حجم کو تین گنا بڑھانے اور ون لنک اور پے پاک کے ساتھ اشتراک سے مالی شمولیت، ای کامرس، لین دین کے تحفظ، ادائیگی کے نظام اور ترسیلات زر کو فروغ ملے گا۔انہوں نے یہ بات جمعرات کو واشنگٹن ڈی سی میں’’ ویزا ‘‘کے علاقائی نائب صدر اینڈریو ٹورے سے ملاقات میں کہی ۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے پاکستان کی معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن میں ’’ویزا ‘‘کے کردار اور اس کی مختلف مالیاتی مصنوعات کے اجراء کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ویزا کے دفتر کے حجم کو تین گنا بڑھانے اور ون لنک اور پے پاک کے ساتھ اشتراک سے مالی شمولیت، ای کامرس، لین دین کے تحفظ، ادائیگی کے نظام اور ترسیلات زر کو فروغ ملے گا۔ وزیر خزانہ نے پاکستان میں ویزا کو درپیش مسائل کے حل کے لیے حکومت کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔