کمشنر، آر پی او ڈیرہ غازی خان کی زیر صدارت ڈویژنل انٹیلی جنس کمیٹی کا اجلاس

جمعرات 24 اپریل 2025 23:10

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2025ء) ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان اور کمشنر اشفاق احمد چوہدری کی زیر صدارت کمشنر آفس ڈیرہ غازی خان میں ڈویژنل انٹیلی جنس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں جملہ اضلاع کے ڈسٹرکٹ پولیس افسران ، ڈپٹی کمشنرز اور سکیورٹی ایجنسیز کے ڈویژنل سربراہان شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں امن و امان کی موجودہ صورت حال، تھریٹ الرٹس سمیت پنجاب، خیبرپختونخواہ بارڈر پر سیکورٹی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران پنجاب خیبر پختونخواہ بارڈر پر سخت سیکورٹی کو یقینی بنانے اور بارڈر ایریا کے تھانہ جات ،پولیس چوکیات و دیگر اہم سرکاری دفاتر کی سیکورٹی کو مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں راجن پور کچہ کے علاقہ میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری آپریشن، پولیس کو حاصل ہونے والی کامیابیوں اور آئندہ کی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لے کر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائیوں کو مزید تیز کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔ اجلاس کے دوران کوہ سلیمان میں موجود کرمنل گینگز کے خلاف کاروائیوں کا جائزہ لیتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان باہمی معلومات کے تبادلے اور مشترکہ کاروائی کا اعادہ کیا گیا۔

اس موقع پر آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے ہدایات جاری کیں کہ جملہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسران تھریٹ الرٹس،پیش آمدہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کریں اور غیرملکی شہریوں، اقلیتی عبادت گاہوں، بین الصوبائی چیک پوسٹوں سمیت دیگر حساس مقامات و اہم تنصیبات کے سکیورٹی اقدامات کا آن گراؤنڈ خود معائنہ کریں۔ غیر ملکی شہریوں کی نقل وحرکت کے دوران ایس او پی کو مکمل فالو کیا جائے۔

آر پی او کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان ومال کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے جس کے لیے تمام وسائل بروئے کارلائیں گے۔اجلاس کے دوران کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے انخلاء کے حوالے سے جاری آپریشن کا تفصیلی جائزہ لیا اور ضلعی سربراہان کو ڈی جی خان ڈویژن سے غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کی باعزت وطن واپسی یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے۔