لاہور میں تجاوزات کےخلاف گرینڈ آپریشن، 142 املاک سیل، متعدد علاقوں سے سامان ضبط

جمعہ 25 اپریل 2025 14:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2025ء) لاہور میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات کے خلاف بڑے پیمانے پر گرینڈ آپریشن جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کی قیادت میں جاری اس مہم کے دوران شہر کے مختلف علاقوں سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جا رہا ہے۔ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق اب تک 142 املاک کو سیل کیا جا چکا ہے جبکہ 21 ٹرک تجاوزات کا سامان ضبط کر لیا گیا ہے۔

کارروائی کے دوران 4300 سے زائد غیر قانونی فلیکس اور بورڈز بھی ہٹائے گئے اور چار مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ڈی ایچ اے، بیڈیاں روڈ، گوالمنڈی، موچی گیٹ اور شاہ عالم مارکیٹ سمیت متعدد اہم علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں۔ رہائشی علاقوں سے 18 جھگیاں ہٹائی گئیں جبکہ 7 مویشی بھی ضبط کیے گئے۔یہ آپریشن چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن شاہد عباس کاٹھیا کی نگرانی میں اور میٹروپولیٹن آفیسر ریگولیشن ہیڈکوارٹر کاشف جلیل کی قیادت میں کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

میٹروپولیٹن آفیسر ریگولیشن کے مطابق ان اقدامات کی بدولت شہر کی خوبصورتی بحال ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناجائز تجاوزات شہری زندگی میں خلل ڈالتی ہیں جن کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ڈی سی لاہور نے بتایا کہ وزیراعلی پنجاب لاہور کو تجاوزات سے پاک دیکھنے میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں، اور اس مقصد کے لیے تمام ادارے بھرپور کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :