لاہور کی جیلوں میں قیدیوں کو درپیش مسائل پر چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے داخلہ کو درخواست

گرمی کے موسم میں آٹھ سے دس گھنٹے روزانہ لوڈ شیڈنگ ہو رہی ،قیدیوں کو بڑی مشکلات در پیش ہیں‘ اراکین کمیٹی

جمعہ 25 اپریل 2025 15:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2025ء) پنجاب اسمبلی سٹینڈنگ کمیٹی برائے داخلہ کے اراکین نے لاہور کی جیلوں میں قیدیوں کو درپیش مسائل پر چیئرمین کمیٹی کو درخواست دے دی۔سٹینڈنگ کمیٹی برائے داخلہ کے اراکین نے فرخ جاوید مون، حافظ فرحت عباس اور شعیب امیر اعوان نے آئی جی جیل خانہ جات، سپرنٹنڈنٹس اور محکمہ داخلہ کے افسران کو بریفنگ کے لئے بلانے کی درخواست کی ہے ۔

(جاری ہے)

درخواست کے متن میں کہا گیا ہے کہ اطلاع کے مطابق لاہور کی جیلوں میں قیدیوں کو بہت مسائل کا سامنا ہے، گرمی کے موسم میں آٹھ سے دس گھنٹے روزانہ لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے، قیدیوں کو بڑی مشکلات در پیش ہیں۔ آئی جی جیل خانہ جات ، سپر نٹنڈنٹ جیل کوٹ لکھپت ، سپر نٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ سنٹرل جیل لاہور اور محکمہ داخلہ کے افسران کو سٹینڈنگ کمیٹی برائے داخلہ میں بریفنگ کے لیے بلایا جائے، بتایا جائے کہ سخت گرمی کے موسم میں قیدیوں کو کیا کیا سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، بتایا جائے کہ گرمیوں میں قیدیوں کی سہولیات کے لیے محکمہ جیل خانہ جات نے کیا کیا اقدامات کیے گئے ہیں۔