ڈیرہ اسماعیل خان ۔۔۔ ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ نے تاجر ایکشن کمیٹی کے وفد سے ملاقات کی

جمعہ 25 اپریل 2025 16:10

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2025ء) ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ سید اشفاق انور نے تاجر ایکشن کمیٹی کے وفد سے ملاقات کی، وفد میں شریف چوہان،آصف رضوان، فضل الرحمن رانا ندیم سمیت دیگر تاجران نے شرکت کی۔اس موقع پر آر پی او ڈیرہ نے کہا کہ ڈیرہ کی تاجر برادری نے ڈیرہ کے قیام امن کے سلسلہ میں نہ صرف پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا بلکہ اس شہر میں امن کی بقاءکی خاطر بہت سی قربانیاں بھی دیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

ملکی معیشت میں تاجر برادری کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔اس موقع پر انہوں نے تاجربرادری پر زور دیا کہ وہ امن وامان اور سیکیورٹی کے معاملات میں پولیس حکام کا ساتھ دیں اور بازاروں میں سکیورٹی کیمرے نصب کریں،بہت جلد ڈیرہ میں سیف سٹی نظام رائج ہو جائے گا جس سے آنے والے وقتوں کی پولیسنگ میں مزید بہتری نظر آئے گی۔

(جاری ہے)

ٹریفک کی بہتری کیلئے بازاروں میںٹریفک کے نظام کو ون وے کرنے اور مزید درپیش مسائل کے حوالے سے تاجران اور ڈی ایس پی ٹریفک مل بیٹھ کر ایک منظم ٹریفک پلان ترتیب دیں جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھا جا سکے۔

امن و امان کے لیے ڈیرہ کی عوام، تاجران اور پولیس نے کافی قربانیاں دی ہیں ۔اس موقع پر تاجر ایکشن کمیٹی کے صدر نے کہا کہ ڈیرہ شہر کے امن و امان کے حوالے سے انجمن تاجران نے ہر موقع پر پولیس اور انتظامیہ کا ساتھ دیا۔ماضی کی طرح مستقبل میں بھی نہ صرف انجمن تاجران بلکہ شہر کے ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد پولیس اور سول انتظامیہ کا بھر پور ساتھ دیں گے اور اس شہر کے امن کی خاطر کوئی بھی فرد کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔آخرمیں تاجر ایکشن کمیٹی کی جانب سے ماہ رمضان المبارک اور عید الفطر کے موقع پر امن و امان قائم رکھنے اور ٹریفک کے حوالے سے بہترین انتظامات پر آر پی او ڈیرہ کو سونیئرپیش کی گی۔\378