جوناگڑھ اسٹیٹ مسلم فیڈریشن کا 26اپریل کی ہڑتال کی مکمل حمایت کااعلان

جمعہ 25 اپریل 2025 17:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2025ء)جوناگڑھ اسٹیٹ مسلم فیڈریشن کی مرکزی کابینہ کا ایک اہم اجلاس حنیف جونیجو کی صدارت میں منعقد ہوا،جبکہ اجلاس کی کارروائی سیکریٹری جنرل قاضی مصطفی نے مؤثر انداز میں سرانجام دی۔اجلاس میں ہڑتال کی حمایت، تنظیمی کارکردگی کا جائزہ، اور نئے اہداف متعدد فلاحی و تنظیمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، جبکہ فیڈریشن کی گزشتہ دو ماہ کی کارکردگی رپورٹ کا جائزہ لیا گیا۔

کابینہ کے عہدیداران نے باہمی مشاورت سے آئندہ کے اہداف طے کیے اور ہر رکن نے ذمہ داریوں کو خوش دلی سے قبول کرتے ہوئے کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔اجلاس میں ستارترک،فاروق شیخ،یوسف شیخ،بشیر قریشی،عامرالامین،سعید کھوکھر،ایاز منشی،عبدالحفیظ بلوچ،محمدوسیم،عمران مہر،اعجاززہری ،عرفان قریشی اورعمرعزیز عرب ودیگرشامل تھے ۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل قاضی مصطفی نے کہاکہ 26اپریل کی جماعت اسلامی کی جانب سے دی گئی ملک گیر شٹرڈاؤن ہڑتال کی حمایت کرتے ہیں ۔شرکاء نے کہاکہ ہم اپنے اپنے علاقوں میں جوناگڑھی کمیونٹی کوہڑتال میں شرکت اورکاروباربند رکھنے پرآمادہ کرنے کیلئے عملی کرداراداکریں گے تاکہ فلسطینی بھائیوں سے یکجہتی کاموثر اظہارکیاجاسکے ۔انکامزید کہنا تھا کہ جوناگڑھ اسٹیٹ مسلم فیڈریشن نہ صرف اپنی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں ہے بلکہ امت مسلمہ کے دکھ درد میں بھی بھرپور شرکت کو اپنا دینی و اخلاقی فریضہ سمجھتی ہے۔ فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی ہمارا انسانی، ملی اور ایمانی تقاضا ہے۔