ترکیہ میں بین الاقوامی 60 واں صدارتی سائیکلنگ ٹور: سیاحت، ثقافت اور کھیل کا حسین امتزاج

جمعہ 25 اپریل 2025 17:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2025ء) ترکیہ میں رواں ماہ 27 اپریل سے 4 مئی تک بین الاقوامی 60ویں صدارتی سائیکلنگ ٹور کا شاندار انعقاد ہورہا ہے، جس میں دنیا بھر کے سائیکلسٹ شرکت کریں گے۔ آٹھ مراحل پر مشتمل اس ریس کے مقابلوں کا سفر انطالیہ سے ازمیر تک ترکیہ کے خوبصورت ترین علاقوں سے گزرے گا، جہاں اعلی معیار کے کھیل اور یادگار ثقافت کا خوبصورت امتزاج دیکھنے کا موقع ملے گا۔

جمہوریہ ترکیہ کے صدر کی زیرسرپرستی، وزارتِ نوجوانان و کھیل اور ترکیہ ٹورازم پروموشن اینڈ ڈیولپمنٹ ایجنسی (ٹی جی ای)کے اشتراک سے منعقد ہونے والا یہ ایونٹ امریکہ، یورپ اور ایشیا کی صفِ اول کی ٹیموں کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کرے گا۔ یہ عالمی مقابلہ جہاں ایک جانب کھلاڑیوں کی جسمانی صلاحیتوں کا امتحان ہوگا، وہیں اسکے ذریعے ترکیہ کے قدرتی نظارے، تاریخی و تہذیبی ورثے کی بھی دنیا بھر میں نمائش ہوگی۔

(جاری ہے)

یہ سائیکل ریس 190 ممالک میں براہِ راست نشر کی جائے گی، جس سے نہ صرف ترکی کا سیاحتی حسن اجاگر ہوگا بلکہ یونیسکو کے عالمی تاریخی مقامات، قدیم ورثے، نیلے ساحلوں اور روایتی ثقافت کو بھی عالمی توجہ حاصل ہوگی۔ ریس کے دوران کھلاڑی پتارا بیچ، بٹر فلائی ویلی، ایفیس اور چیشمے جیسے دلکش مقامات سے گزریں گے اور وہ موقع پر روایتی ترک چائے، سمِت سمیت دیگر علاقائی ذائقوں سے بھی لطف اندوز ہوں گے۔

یہ ایونٹ UCI یورپین ٹور کے پرو سیریز کیلنڈر میں شامل ہے، جو بین الاقوامی سائیکلنگ میں ترکیہ کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔ یہ محض ایک ریس نہیں، بلکہ ترکی کے قدرتی حسن، تاریخی ورثے اور سائیکلنگ کو فروغ دینے کے عزم کا بھی بھرپور اظہار ہے۔ ترکیہ بھر میں سائیکلسٹ دوست انفراسٹرکچر اور سہولیات پہلے ہی سے موجود ہیں، جو سائیکلنگ ٹوارزم کے عزم کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔