Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کی حالیہ بھارتی اقدامات و الزامات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت

پاک افواج کے ساتھ پوری طرح پر عزم ہیں، عمران خان کی ناجائز اسیری کی بھی بھرپور مذمت،تمام بے گناہ سیاسی اسیران کی رہائی کا مطالبہ، پاکستان تحریک انصاف کے 29واں یومِ تاسیس کے موقع پر قرارداد متفقہ طور پر منظور

جمعہ 25 اپریل 2025 18:45

پاکستان تحریک انصاف کی حالیہ بھارتی اقدامات و الزامات کی سخت ترین الفاظ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اپریل2025ء)پاکستان تحریک انصاف نے حالیہ بھارتی اقدامات و الزامات کی ہم سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ماضی کی طرح آج بھی پوری قوم اپنے ملک کے دفاع کے لئے اپنی پاک افواج کے ساتھ پوری طرح پر عزم ہے جبکہ عمران خان کی ناجائز اسیری کی بھی بھرپور مذمت کرتے ہوئے تمام بے گناہ سیاسی اسیران کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

یہ مطالبات پاکستان تحریک انصاف کے 29واں یومِ تاسیس کے موقع پرمتفقہ طور پر منظور کی گئی قراردادمیں کئے گئے ہیں۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ آج 25 اپریل پاکستان تحریک انصاف کے 29 ویں یوم تاسیس پر انصاف کی تحریک کے 29 سال پورے ہونے پر ہم اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ جہاں ہم اپنے رب کے شکر گزار ہیں وہیں ہم اپنے ملک کے لئے دعا گو بھی ہیں کہ اللہ ہمارے ملک پاکستان کی حفاظت فرمائے اور ہر قسم کے امتحان و آزمائش سے محفوظ رکھے۔

(جاری ہے)

قرارداد کے مطابق حالیہ بھارتی اقدامات و الزامات کی ہم سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں ہیں کہ ماضی کی طرح آج بھی پوری قوم اپنے ملک کے دفاع کے لئے اپنی پاک افواج کے ساتھ پوری طرح پر عزم ہے اور جس طرح ہمارے لیڈر عمران خان نے بطور وزیراعظم کہا تھا کہ ہم پاکستان پہ کسی بھی قسم کی بیرونی جارحیت ہونے کی صورت میں بھرپور جواب دینے کا صرف سوچیں گے ہی نہیں بلکہ بھرپور جواب دیں گے اور پوری پاکستانی قوم کا اپنے دشمن کو ایک ہی جواب ہوگا ۔

اللّٰہ اکبر ۔قراردادکے مطابق آج ہم اپنے بانی قائد جناب عمران خان کی ناجائز اسیری کی بھی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور عمران خان سمیت تمام بے گناہ سیاسی اسیران بشمول وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی رہائی کا پرزور مطالبہ کرتے ہیں۔ قراردادمیں کہا گیا ہے کہ قوم نے اپنے لیڈر عمران خان کی کال پہ لبیک کہا اور 8فروری 2024 کے الیکشن میں تحریک انصاف کو بھاری اکثریت سے کامیاب کیا۔

بدقسمتی سے تحریک انصاف کا مینڈیٹ چرا لیا گیا۔ یہ عوام کے حق پہ ڈاکہ اور آئین پہ حملہ ہے۔ ہم اپنے جائز مینڈیٹ کی واپسی کا پرزور مطالبہ کرتے ہیں۔ قراردادکے مطابق ملک میں جاری ظلم و فسطائیت اپنے تمام حدود و قیود پھلانگ چکا ہے۔ ہم ملک میں جاری ظلم و فسطائیت کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور ملک میں معطل شخصی سیاسی صحافتی آزادیوں اور بنیادی انسانی حقوق کی بحالی کا بھی پرزور مطالبہ کرتے ہیں۔

قرارداد کے مطابق 26 ویں آئینی ترمیم کے زریعہ عدلیہ کو انتہائی کمزور کیا جا چکا ہے۔ ہم آئین کی اپنی اصل شکل میں بحالی و اعلی عدلیہ کے وقار کو بحال کرنے کا بھرپور مطالبہ بھی کرتے ہیں اور ساتھ ہی اس عزم کا بھی اظہار کرتے ہیں کہ تحریک انصاف اپنے قائد عمران خان کی قیادت میں اقتدار میں آکر اعلیٰ عدلیہ کی خودمختاری و آزادی یقینی بنائے گی اور ملک کو صحیح معنوں میں آئین و قانون پہ چلانے کی بھرپور کوشش کرے گی۔

قرارداد کے مطابق تحریک انصاف صرف اک سیاسی جماعت ہی نہیں بلکہ آئین و قانون کی حکمرانی اور ملک کو انصاف پہ چلانے کی اک عظیم ترین پرامن عوامی سیاسی تحریک ہے۔ اپنے قائد عمران خان کے وژن کے مطابق ہم آج اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ ہم پاکستان کو مدینہ کی ریاست کی طرز پہ ایک عظیم اسلامی فلاحی ریاست بنا کرہی دم لیں گے اور ملک کو قرآن و سنت اور نبی آخر الزماں خاتم النبیّین حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی تعلیمات کے مطابق چلائیں گے۔ 
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات