Live Updates

190 ملین پاؤنڈ کیس فیصلے کیخلاف عمران خن اور بشریٰ بی بی کی اپیلیں سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف ان اپیلوں پر سماعت کریں گے

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 26 اپریل 2025 11:11

190 ملین پاؤنڈ کیس فیصلے کیخلاف عمران خن اور بشریٰ بی بی کی اپیلیں سماعت ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 اپریل 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی 190 ملین پاؤنڈ کیس فیصلے کیخلاف اپیلیں سماعت کیلئے مقرر کردی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق 190 ملین پاؤنڈ کیس فیصلے کے خلاف اپیلوں میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور اسلام آباد ہائیکورٹ نے اس حوالے سے عمران خان اور بشری بی بی کی اپیلیں 30 اپریل سماعت کے لیے مقرر کردی ہیں، قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف ان اپیلوں پر سماعت کریں گے۔

بتایا گیا ہے کہ 17 جنوری کے فیصلے کے خلاف 27 جنوری کو اپیلیں فائل ہوئی تھیں، جس کے بعد 17 اپریل کو کیس جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی درخواستیں عدالت نے منظور کیں اور اب یہ کیس سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا ہے، 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان کو 14 سال اور بشریٰ بی بی کو 7 سال قید و جرمانہ کی سزا ہوئی تھی، اس حوالے سے احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ 17 جنوری کو سنایا تھا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستیں جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم جاری کر دیا، جسٹس انعام امین منہاس نے بانی پی ٹی آئی کی کیس جلد مقرر کرنے کی متفرق درخواست منظور کر لی، جسٹس انعام امین منہاس نے ریمارکس دئیے کہ آرڈر کردیا ہے، آفس کیس سماعت کیلئے مقرر کر دے گا۔

بتایا جارہا ہے کہ پی ٹی آئی کے یوم تاسیس کے موقع پر بیرسٹر گوہر، علی محمد، زرتاج گل، عامر ڈوگر اور دیگر پارٹی رہنماؤں نے پارلیمنٹ ہاؤس سے اسلام آباد ہائی کورٹ تک واک کی اور عمران خان کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے قیادت سمیت رہنمائوں و کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ سے اسلام آباد ہائیکورٹ تک واک کا مقصد یہ مطالبہ ہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے کیسز کو میرٹ پر لگایا جائے، پی ٹی آئی کے چند وکیل اسلام اباد ہائی کورٹ جائیں گے اور یادداشت پیش کریں گے، پی ٹی آئی اسلام آباد ہائی کورٹ سے استدعا کرے گی کہ وہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کو یقینی بنائیں اور ان کے اور بشریٰ بی بی کے مقدمات میرٹ پر سنے جائیں۔

Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات