نیب پالیسی ریفارمز پر بیوروکریسی نے اعتماد کا اظہار کیا ،اب کسی خوف کے باعث فائلیں رکنے کا سلسلہ ختم ہوچکا‘ چیئرمین نیب

ہمارے حالیہ اقدامات پرعدلیہ کی رائے بھی نیب کے حوالے سے تبدیل ہوئی ہے‘ لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد کی لاہور بیورو میں گفتگو

ہفتہ 26 اپریل 2025 16:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2025ء) قومی احتساب بیورو (نیب ) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے کہا ہے کہ نیب پالیسی ریفارمز پر بیوروکریسی نے اعتماد کا اظہار کیا اب کسی خوف کے باعث فائلیں رکنے کا سلسلہ ختم ہوچکا ہے ،ہمارے حالیہ اقدامات پرعدلیہ کی رائے بھی نیب کے حوالے سے تبدیل ہوئی ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے نیب لاہور بیورو کے دورے کے دوران کیا ۔

جہاں ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور محمد احترام ڈار نے کمبائینڈانویسٹی گیشن ٹیموں کے ہمراہ میگا سکینڈلز میں ہونیوالی پیشرفت پر جامع بریفنگ دی۔بریفنگ میں نیب ہیڈکوارٹرز سے ڈی جی آپریشنز ، نیب امجد مجید اولکھ نے بھی شرکت کی۔بریفنگ میں مخاطب کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب کی مجموعی کارکردگی میں نیب لاہور بیورو کا اہم کردار ہے۔

(جاری ہے)

نیب نے اپنے قیام سے 2022ء تک کرپشن سکینڈلز میں 790ارب کی ریکوری کروائی تاہم گذشتہ دو سالوں کے دوران نیب 5.4ٹریلین کی ریکارڈ ریکوری ممکن بناچکا ہے جو نیب ریفارمز اور افسران کی انتھک محنت کے باعث ممکن ہوسکا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے نیب لاہور دورہ کے دوران ساڑھے تین کروڑ مالیت کا چیک حکومت پنجاب کے نمائندہ کے حوالے کرتے ہوئے کہا کہ نیب میں حالیہ پالیسی ریفارمز پر بیوروکریسی نے اعتماد کا اظہار کیا ہے، اب بیوروکریسی میں کسی خوف کے باعث فائلیں رکنے کا سلسلہ ختم ہوچکا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نیب کے حالیہ اقدامات پرعدلیہ کی رائے بھی نیب کے حوالہ سے تبدیل ہوئی ہے۔

نیب کو جدید دور سے ہم آہنگ کرنے کیلئے پیپر فری کلچر کو فروغ دیا جا رہا ہے جس سے نیب کی کارکردگی پر کیسز میں پیشرفت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ چیئرمین نیب نے اسٹیٹ لائف کووآپریٹو سوسائٹی (فیز۲)کے لیک ویو میڈوز سے الحاق پر تفصیلی بریفنگ لی اور ابتک کی پیش رفت کا ازخود جائزہ لینے کیلئے سائیٹ کا دورہ کیا جہاں لیک ویو میڈوز سوسائٹی حکام کی جانب سے چیئرمین نیب کو تفصیلی بریف کیا گیا۔

اس موقع پر چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب لاہور کی نگرانی میں اسٹیٹ لائف کووآپریٹو سوسائٹی (فیز2)کے 7650متاثرین کو 77ارب مالیت کے ڈویلپڈپلاٹ دلوائے جائیں گے اور اس الحاق کی جلد از جلد کامیابی سے تکمیل نیب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیٹ لائف کووآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی (فیز۲)کا مذکورہ بالا سوسائٹی سے الحاق،متعلقہ اداروں سے منظوری اور ڈویلپمنٹ ورک کی بروقت تکمیل تک کے عمل کی باقاعدہ نگرانی کی جائے گی۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ کام کرنے کا عہد کر رکھا ہے جس پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔اپنے دورہ کے اختتام پر چیئرمین نیب کیجانب سے ڈی جی نیب لاہور محمد احترام ڈار کی سربراہی میں نیب لاہور بیورو کی اعلی کارکردگی کو سراہا گیا۔