Live Updates

بھارت کا غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل اور میڈیا کا جانبدارانہ رویہ ایک ستم ظریفی ہے،احسن اقبال

ہفتہ 26 اپریل 2025 16:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2025ء)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ،ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ بھارت، جو رقبے، آبادی اور صدیوں پر محیط ریاستی تاریخ کے لحاظ سے پاکستان سے سات گنا بڑا ہے، آج بھی عدم تحفظ کے شدید احساس میں مبتلا ہے، اس کے برعکس پاکستان جس کی ریاستی تاریخ کو صرف ستتر سال ہوئے ہیں اور جس کا رقبہ و آبادی بھارت کی نسبت بہت کم ہے، زیادہ سنجیدگی، بردباری اور ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہا ہے۔

اپنے بیان میںاحسن اقبال نے جعفرآباد ایکسپریس پر ہونے والے دہشتگرد حملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اس المناک سانحے پر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیا، داخلی خامیوں کا کھلے دل سے اعتراف کیا اور ان کی اصلاح کا عزم ظاہر کیا، واضح غیر ملکی مداخلت کے شواہد کے باوجود پاکستان نے بھارت جیساواویلا مچانے اور غیر ذمہ دارانہ طرز عمل اختیار کرنے کے بجائے ذمہ دارانہ روئیے اور مستقبل میں ایسے وقعات کی سرکوبی کے لئے فیصلہ کن اقدامات کو یقینی بنانے پر توجہ دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس کے برعکس بھارت نے پہلگام سانحے پر فوری اور غیر ذمہ دارانہ ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بغیر کسی ثبوت کے الزام پاکستان پر عائد کر دیا، اور اپنی سیکیورٹی کی ناکامیوں کو تسلیم کرنے سے گریز کیا۔انہوں نے کہا کہ 1993ء کے بعد سے اب تک پاکستان میں کسی بھی سیاسی رہنما یا سیاسی جماعت نے بھارت مخالف جذبات کو انتخابی فائدے کے لیے استعمال نہیں کیا،دوسری جانب بھارت میں آج بھی انتخابی مہمات کے دوران ‘‘پاکستان کارڈ’’ کا استعمال معمول بن چکا ہے اور عوامی جذبات کو ابھارنے کے لیے پاکستان مخالف بیانیے کو بار بار استعمال کیا جاتا ہے۔

وفاقی وزیر نے بھارتی حکومت اور میڈیا کے غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل کو ایک ‘‘واضح ستم ظریفی’’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’کیا یہ ستم ظریفی نہیں!‘‘انہوں نے کہا کہ ایک ایسا ملک جو صدیوں پر محیط ریاستی تاریخ اور دنیا کی دوسری بڑی آبادی رکھتا ہے، اس کا اس طرح کے عدم تحفظ کا مظاہرہ کرنا اور الزامات کا سہارا لینا افسوسناک اور باعثِ حیرت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا نے جعفرآباد اور پہلگام کے واقعات پر پاکستان اور بھارت کے طرز عمل میں واضح فرق دیکھ لیا ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات