بحری امور کی وزارت نے شفافیت کے فروغ اور عوامی خدمات کی تیز تر فراہمی فکیلئے شکایات سیل قائم کر دیا

اقدام وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے وژن کا عکاس ہے، جو حکومت اور عوام کے درمیان رابطے کو بہت اہمیت دیتے ہیں، وفاقی وزیر

ہفتہ 26 اپریل 2025 16:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2025ء)بحری امور نے باضابطہ طور پر شکایات سیل متعارف کرا دیا ہے، جو عوام کی شکایات اور تجاویز وصول کرنے کیلئے نیا پلیٹ فارم ہے، یہ اقدام وزیر اعظم کے وڑن کے مطابق بحری امور میں کی جانے والی جامع اصلاحات کا حصہ ہے۔ شکایت سیل بحری شعبے میں شفافیت کے فروغ اور عوامی خدمات کی تیز تر فراہمی کے لیے آنے والے جامع اصلاحات ایجنڈے کے اہم جزو کے طور پر شروع کیا گیا ہے۔

شکایات سیل کے افتتاح کے موقع پر وفاقی وزیر برائے بحری امور، محمد جنید انوار چوہدری نے کہا کہ یہ اقدام وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے وژن کا عکاس ہے، جو حکومت اور عوام کے درمیان رابطے کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ یہ شکایات سیل حکومت کا بہتر طرز حکمرانی اور عوامی خدمت سے وابستگی کا مظہر ہے، جو وزارت اور تمام اسٹیک ہولڈرز جیسے کہ شہری، سمندری عملہ، بندرگاہ استعمال کرنے والے اور سرمایہ کاروں کے درمیان پل کا کردار ادا کرے گا۔

(جاری ہے)

بحری آپریشنز، بندرگاہی انتظام، شپنگ پالیسیز اور وزارت کے دائرہ اختیار میں آنے والے دیگر امور سے متعلق عوام اس شکایات سیل کے ذریعے شکایات درج کروا سکتے ہیں، مسائل اجاگر کر سکتے ہیں یا تعمیری تجاویز دے سکتے ہیں۔ موصول ہونے والی آراء پالیسی سازی میں بہتری، خدمات کے معیار میں اضافہ اور جائز مسائل کے فوری حل میں مدد فراہم کرے گی۔

محمد جنید انوار چوہدری نے کہا کہ یہ اقدام شفافیت، احتساب اور بحری حکمرانی میں اسٹیک ہولڈرز کی بھرپور شمولیت کو فروغ دینے کے لیے ہے۔یہ شکایات سیل وزارت کی سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن دستیاب ہوگا اور ای میل و فون کے ذریعے بھی رسائی ممکن ہوگی۔اس مقصد کے لیے ایک مخصوص ٹیم بروقت جواب اور مؤثر فالو اپ کو یقینی بنائے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ قدم پاکستان کے بحری شعبے کو جدید، مؤثر، عوام دوست اور تیز تر بنانے کی وزارت کی کوششوں میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔