Live Updates

مقبوضہ کشمیر،جعلی مقابلے میں نوجوان کے قتل کیخلاف بانڈی پورہ میں مظاہرے

بھارتی فوجیوں نے مزید 5 کشمیریوں کے گھر مسمار، 2ہزار سے زائد کشمیری گرفتارکر لئے

ہفتہ 26 اپریل 2025 17:50

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ایک نوجوان کے جعلی مقابلے میں قتل کیخلاف ضلع بانڈی پورہ میںزبردست احتجاجی مظاہرے کیے گئے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے الطاف لالی نامی نوجوان کوجمعہ کے روز ضلع کے علاقے کلنار میں ایک جعلی مقابلے میں شہید کیا۔

نوجوان کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ فوجیوں نے الطاف کو تین روز قبل گھر سے اٹھا لیا تھا۔ نوجوان کے ماورائے عدالت قتل کی خبر پھیلتے ہی اسکے آبائی علاقے اجس میںسینکڑوں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین نے بھارتی فوج کے خلاف نعرے لگائے اور انصاف کا مطالبہ کیا۔ فوجیوں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے فائرنگ کی اور آنسو گیس کے گولے داغے جس سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

بھارتی فوجیوں نے شوپیاں، پلوامہ اور کولگام اضلاع میں مزید پانچ کشمیریوں احسان احمد شیخ، احسن الحق، حارث احمد، ذاکر احمد گنائی اور شاہد احمد کے مکان بارودی مواد کے ذریعے مسمار کر دیے ہیں جس سے گزشتہ روز سے مسمار کیے گئے گھروں کی تعداد سات ہوگئی۔ گزشتہ روز پلوامہ اور اسلام آباد اضلاع میں آصف شیخ اور عادل ٹھوکر کے گھر مسمار کیے گئے تھے۔

دریں اثنا، بھارتی فورسز نے سرینگر، گاندربل، بانڈی پورہ، کپواڑہ، بارہمولہ، بڈگام، اسلام آباد، پلوامہ، شوپیاں اور کولگام اضلاع میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران 2ہزار سے زائد کشمیری گرفتار کر کے پوچھ گچھ کیلئے تھانوں اور کیمپوں میں منتقل کر دیے ہیں۔ صرف اسلام آباد ضلع سے 175 سے زائد نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا۔

بھارتی فورسز نے پہلگام واقعے کے بعدمقبوضہ علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں، گھروں پر چھاپوں، بلاجواز گرفتاریوں اور گھروں کی مسمار ی کا مذموم عمل تیز کر دیا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں ظلم و ستم کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت کشمیریوں کو چن چن کو ختم کرنے کی استعمار ی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کے تحفظ کے لیے کردار ادا کرے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات