سی پی او سید خالد ہمدانی اور ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار کی سربراہی میں مختلف مقامات پر کھلی کچہریوں کا انعقاد

ہفتہ 26 اپریل 2025 20:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2025ء) سی پی او سید خالد ہمدانی اور ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار کی سربراہی میں مختلف مقامات پر کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا گیا جن میں سینئر پولیس افسران، ڈویژنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز کے علاوہ سول سوسائٹی اور میڈیا پرسنز نے شرکت کی۔ صدر سرکل کے ایس ڈی پی او آفس، سول لائنز سرکل کے ایس ڈی پی او آفس اور ویمن پولیس اسٹیشن میں شہریوں نے براہ راست اپنی شکایات پیش کیں۔

سی پی او اور ایس ایس پی آپریشنز نے موقع پر ہی احکامات جاری کر کے متعدد معاملات کے فوری حل کا حکم دیا۔ سی پی او نے شہری سے ناروا سلوک کی شکایت پر چوکی گرجا کے انچارج سب انسپکٹر احمد نواز اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر شہزادہ آفتاب عباس کو معطل کر کے ایس پی صدر کو انکوائری کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کے فوری حل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

ہر پولیس اسٹیشن پر عوام کو بہترین خدمات فراہم کرنا اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ سی پی او نے افسران کو ہدایت کی کہ تھانہ پولیسنگ کا بنیادی یونٹ ہے، اس لئے تھانوں کی سطح پر شہریوں کے مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ کھلی کچہریوں کے انعقاد سے پولیس اور عوام کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہونے کی توقع ہے جبکہ گرفتاری کے بعد بھی شفاف کارروائی اور شہری حقوق کا تحفظ اولین ترجیح رہے گا۔