ضلع ملتان کو ویسٹ فری کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، ڈپٹی کمشنر ملتان

ہفتہ 26 اپریل 2025 21:10

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2025ء) ڈپٹی کمشنر ملتان محمد علی بخاری نے کہا ہے کہ ستھرا پنجاب مہم کے سلسلہ میں ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی جانب سے زیرو ویسٹ آپریشن کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے،ویسٹ منیجمنٹ کمپنی عملے کی جانب سے ضلع بھر میں خصوصی صفائی آپریشن جاری ہے۔ضلع ملتان کو ویسٹ فری کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں اپنے دفتر میں ستھرا پنجاب مہم کے تحت ضلع بھر میں جاری صفائی آپریشن کے جائزہ اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے کہا کہ نجی کنٹریکٹرز کو پابند کیا گیا ہے کہ صفائی آپریشن کے دوران بھاری مشینری اور واٹر باؤزرز کے ذریعے ضلع بھر کے مرکزی مقامات پر چونا چھڑکاؤ کریں،تاکہ عوام الناس کو ریلیف فراہم کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے کہا کہ مرکزی بازاروں اور چوکوں پر بھی کوڑا کرکٹ کی تلفی کیلئے اضافی کنٹینرز اور ڈسٹ بن نصب کئے جائیں جبکہ سرکاری عمارات ،تعلیمی و کمرشل اداروں کے روٹس پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔دوران اجلاس ڈویژنل منیجر صفائی آپریشن انوار الحق نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دیہی و شہری علاقوں میں یکساں صفائی نظام نافذ کرنے سے عوام کو براہ راست ریلیف ملا ہے،ڈویژن بھر میں روزانہ کوڑا کرکٹ اٹھانے کی شرح چارہزار ٹن یومیہ تک پہنچ گئی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ نجی کنٹریکٹرز کی کارکردگی کا کڑا آڈٹ کیا جارہا ہے،صفائی نظام میں بہتری کیلئے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :