ظ*سندھ حکومت نے ہیٹ ویو سے نمٹنے کے لیے صوبے بھر میں ریلیف اقدامات تیز کر دیے

ہفتہ 26 اپریل 2025 21:55

6کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2025ء)سندھ بھر میں درجہ حرارت میں اضافے کے پیش نظر، چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو فوری طور پر ہیٹ ویو ریلیف کیمپ قائم کرنے اور شہریوں کو شدید گرمی کے اثرات سے بچانے کے لیے جامع حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ صوبے کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت میں خطرناک حد تک اضافے ظ جیسے کہ شہید بے نظیر آباد میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ، جیکب آباد میں 46 ڈگری، حیدرآباد میں 43 ڈگری، کراچی میں 35 ڈگری ظ اور دیگر اضلاع میں شدید موسم کی رپورٹس سامنے آنے کے بعد صوبائی انتظامیہ نے ہنگامی بنیادوں پر فوری اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

چیف سیکریٹری سندھ کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، صوبے بھر میں بڑے پیمانے پر ہیٹ ویو کیمپ اور ہیٹ اسٹروک مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

کراچی ڈویژن میں 73 ہیٹ ویو کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔ شہید بے نظیر آباد ڈویژن میں نوشہرو فیروز میں 20، نوابشاہ میں 24 اور سانگھڑ میں 19 ہیٹ ویو کیمپ قائم کیے گئے ہیں، جبکہ صحت کی سہولیات میں 122 ہیٹ اسٹروک وارڈ بھی قائم کیے گئے ہیں جن میں 45 نوابشاہ، 8 نوشہرو فیروز اور 69 سانگھڑ میں ہیں۔

سکھر ڈویژن میں مجموعی طور پر 47 ہیٹ ویو کیمپ قائم کیے گئے ہیں جن میں سکھر میں 12، گھوٹکی میں 7 اور خیرپور میں 28 کیمپ شامل ہیں۔ حیدرآباد ڈویژن میں بدین میں 124، دادو میں 88، حیدرآباد شہر میں 10، جامشورو میں 71، مٹیاری میں 42، سجاول میں 4، ٹنڈو الہ یار میں 11، ٹنڈو محمد خان میں 3 اور ٹھٹھہ میں 8 ہیٹ ویو کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔ لاڑکانہ ڈویژن میں قمبر شہدادکوٹ میں 71، شکارپور میں 16، جیکب آباد میں 41 اور کشمور کندھ کوٹ میں 7 کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔

میرپورخاص ڈویژن میں عمرکوٹ میں 11، تھرپارکر میں 8 اور میرپورخاص میں 10 ہیٹ ویو کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔ تمام ہیٹ ویو کیمپس میں شہریوں کے لیے ٹھنڈے پانی، سایہ دار جگہوں اور ابتدائی طبی امداد کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں تاکہ شدید گرمی کا سامنا کرنے والوں کو فوری ریلیف دیا جا سکے۔ خصوصی توجہ بزرگ شہریوں، بچوں اور باہر کام کرنے والے افراد کی حفاظت پر دی جا رہی ہے تاکہ انہیں گرمی سے متعلق بیماریوں سے بچایا جا سکے۔

چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے محکمہ صحت کو ہدایت دی ہے کہ وہ تمام اسپتالوں میں ہیٹ ویو سے بچاؤ کے مراکز کو فعال بنائیں اور طبی عملے و ضروری ادویات کی دستیابی یقینی بنائیں تاکہ ہیٹ اسٹروک اور دیگر گرمی سے متاثرہ مریضوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ ریسکیو 1122، بلدیاتی اداروں اور ضلعی صحت کے عملے کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے اور ایمبولینسز و ایمرجنسی ٹیمیں مختلف علاقوں میں تعینات کر دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری رسپانس دیا جا سکے۔

مزید برآں، سیکریٹری توانائی کو ہدایت دی گئی ہے کہ کے الیکٹرک، حیسکو اور سیپکو کے تعاون سے صوبے بھر میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ شدید گرمی کے دوران شہریوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ عوام میں آگاہی مہم بھی شروع کی گئی ہے تاکہ انہیں احتیاطی تدابیر اپنانے، زیادہ پانی پینے، غیر ضروری باہر جانے سے گریز کرنے اور گرمی سے ہونے والی بیماریوں کی ابتدائی علامات پہچاننے کی ترغیب دی جا سکی. چیف سیکریٹری نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم ای) کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھنے اور صورتحال کی کڑی نگرانی کرنے کی ہدایت بھی کی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت میں فوری ایکشن لیا جا سکے۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ موجودہ ہیٹ ویو کے دوران شہریوں کی صحت اور جان کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ ذمہ داری اور مستعدی کے ساتھ اپنا کردار ادا کریں۔