رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کاضلع کیچ میں واقع پرانی ڈی ایچ ڈی سی عمارت کا دورہ

ہفتہ 26 اپریل 2025 23:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2025ء) رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے ضلع کیچ میں واقع پرانی ڈی ایچ ڈی سی عمارت کا دورہ کیا۔ یہ دورہ ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال تربت کی شعبہ اطفال کی سربراہ اور ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر مصباح منیر اور سینئر ماہر اطفال و خصوصی بچوں کے بحالی مرکز کے فوکل پرسن ڈاکٹر اقبال کی دعوت پر کیا گیا تاکہ جسمانی و ذہنی معذور بچوں کے لیے ایک ممکنہ بحالی مرکز کے قیام کے لیے جگہ کا جائزہ لیا جا سکے ۔

اس موقع پر ڈویژنل ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر اسلم آزاد ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر رؤف بلوچ بھی ہمراہ تھے ،ٹیم نے عمارت کا تفصیلی معائنہ کیا، مختلف امکانات پر تبادلہ خیال کیا اور قریبی نرسنگ کالج کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے عملے کے مسائل اور تحفظات سنے۔

(جاری ہے)

رکن صوبائی اسمبلی نے ڈاکٹر مصباح منیر اور ان کی ٹیم کی اس انسان دوست اور وقت کی ضرورت پر مبنی تجویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ خصوصی بچے ہمارے معاشرے کا سب سے زیادہ نظر انداز کیا جانے والا طبقہ ہیں۔

انہوں نے ان بچوں کی فلاح، نگہداشت اور سماجی شمولیت کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا انہوں نے اس عظیم مقصد کے لیے اپنی مکمل حمایت اور تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ وہ اس مرکز کے قیام کو حقیقت بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے ان کا کہنا تھا کہ ہم سب مل کر مکران کے ہر خصوصی بچے کے لیے امید، شفا اور مواقع سے بھرپور ایک مرکز کا خواب دیکھ رہے ہیں، اور انشائاللہ اسے حقیقت میں بدلیں گے۔