Live Updates

ہمسایہ ممالک آرگینک کی برآمدات میں نمایاں ترقی کر رہے ہیں‘ نجم مزاری

پاکستان کے پاس قدرتی زرعی وسائل ،افرادی قوت موجود ،پالیسی کی کمی کے باعث یہ شعبہ ابھر نہیں سکا

اتوار 27 اپریل 2025 12:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2025ء)انٹر پرینیور وآرگینک خوراک او ر مصنوعات پر ریسرچ کرنے والے ادارے کے سربراہ نجم مزاری نے کہا ہے کہ اگر درست سمت میں پیشرفت کی جائے تو آئندہ تین سے پانچ سالوں کے دوران پاکستان میں آرگینک خوراک اور مصنوعات کی مارکیٹ کا حجم 100 ارب روپے سے تجاوز کر سکتا ہے،سب سے بڑی کامیابی اسے برآمدی صنعت کے طور پر متعارف کرانا ہے جو حکومتی سرپرستی کے بغیر ممکن نہیں ۔

اپنے بیان میں نجم مزاری نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی، کیمیکل زدہ خوراک سے پیدا ہونے والی بیماریوں اور صحت کے بڑھتے ہوئے مسائل کے باعث آرگینک غذائوں اور مصنوعات کے فروغ کے لئے پالیسی بنانی ہو گی ،ایک سروے کے مطابق شہری علاقوں میں 62 فیصد افراد نے آرگینک خوراک کو روایتی مصنوعات پر ترجیح دی جبکہ 41 فیصد دیہی صارفین نے بھی اسی طرز پراپنی رائے کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 70 فیصد چھوٹے کسان مالی معاونت اور تربیت کی کمی کے باعث آرگینک کاشت کی جانب راغب نہیں ہو سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے اپیل ہے کہ آرگینک خوراک کی کاشت کے لیے خصوصی قرضہ اسکیمیں اور سبسڈی دی جائے ،کاشتکاروں کے لیے تربیتی پروگرام اور آرگینک سرٹیفکیشن سسٹم کا نظام لایا جائے ،مقامی مارکیٹوں اور برآمدات کے لیے آرگینک زونز کا قیام نا گزیر ہے جس کے ذریعے ہم عالمی برآمدی منڈیوں میں قدم رکھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت، ترکی اور ایران جیسے ہمسایہ ممالک آرگینک ایکسپورٹ میں نمایاں ترقی کر رہے ہیں، پاکستان کے پاس قدرتی زرعی وسائل اور افرادی قوت موجود ہے لیکن پالیسی کی کمی کے باعث یہ شعبہ ابھی تک مکمل طور پر ابھر نہیں سکا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات