Live Updates

کھوکھر پیلس میں ایسٹر گرانٹ چیک تقسیم کرنے کے حوالے سے تقریب

صوبائی وزیر ملک فیصل ایوب کھوکھر ،ملک سیف الملوک کھوکھر نے 300 سے زائد مسیحی خاندانوں میں چیک تقسیم کئے

اتوار 27 اپریل 2025 14:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2025ء) صوبائی وزیر برائے کھیل، امور نوجوانان، لیبر اینڈ افرادی قوت ملک فیصل ایوب کھوکھر نے رکن قومی اسمبلی ملک سیف کھوکھر کے ہمراہ کھوکھر پیلس لاہور میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں 300 سے زائد مسیحی خاندانوں میں ایسٹر گرانٹ کے چیکس تقسیم کیے۔اس موقع پر اپنے خطاب میں صوبائی وزیر ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات پر اقلیتوں کو تمام مذہبی تہواروں پر خصوصی فنڈز فراہم کئے جا رہے ہیں تاکہ ان کی خوشیوں کو دوبالا کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارہ اور مساوات پنجاب حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں جبکہ ایک برس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی کاوشوں سے مذہبی اقلیتوں کے لیے بے شمار اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ ان میں احساس محرومی کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر فیصل ایوب کھوکھر نے کہاکہ تقریب کو مسجد کے سامنے سجایا گیا ہے تاکہ مسیحی برادری کو بھرپور عزت دی جاسکے۔

پاکستان میں بسنے والے تمام شہری ایک قوم جبکہ بھارت میں کئی قومیں بستی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہر ایک پاکستانی اپنی بہادر فوج کے ساتھ کھڑا ہے اور اگر بھارت نے کسی قسم کی کوء بھی سازش کی تو اسکا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے مسیحی کمیونٹی کو خوشخبری سنائی کہ مریم نواز کی جانب سے مینارٹی کارڈز کے تحفہ کے بعد بہت جلد راشن کارڈ کا اجراء کرنے جا رہے ہیں،جس کے تحت 15 لاکھ خاندانوں کو 03 ہزار ماہانہ ادا کئیے جائیں گے۔

ایم این اے ملک سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ مسیحی برادری نے پاکستان کی ترقی میں ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے اور ہمیں ان پر فخر ہے۔ آج کی تقریب کا مقصد بھی انکی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنا اور حکومتی گرانٹ کو احسن طریقے سے حقدار تک پہنچانا تھا۔ انہوں نے کہاکہ لفط مریم سے جتنی محبت ہم کو ہے اتنی ہی مسیحی کمیونٹی کو ہے اور وزیراعلی پنجاب نے مسیحی کمیونٹی کے لیے تاریخ ساز اقدامات کرکے نئی تاریخ رقم کردی ہے جبکہ یہ محبت وقت کے ساتھ بڑھتی جائے گی۔

ایم پی اے بابا فیبلوس کرسٹوفر نے اس اقدام پر حکومت پنجاب بالخصوص وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ''ایسٹر گرانٹ سے نہ صرف مالی مدد ملتی ہے بلکہ اقلیتی برادری کو یہ احساس ہوتا ہے کہ وہ اس معاشرے کا برابر کا حصہ ہیں۔ انہوں نے مسیحی کمیونٹی کے لیے ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت مسیحی جناز گاہوں اور گلیوں وغیرہ میں کام کروانے پر شکریہ ادا کیا۔

چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی ملک شہباز علی کھوکھر، ملک شفاعت علی کھوکھر اور دیگر مقامی رہنماؤں نے بھی حکومت پنجاب کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی تقاریب معاشرتی اتحاد و یگانگت کو فروغ دیتی ہیں۔ تقریب میں پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں جبکہ حلقہ پی پی 167?، 168 اور این اے 126 سے ملحقہ مسیحی برادری کی بڑی تعداد بھی تقریب میں موجود تھی۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات