فرانس،مسجد میں نمازی قتل، ملزم نے ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر شیئر کردی

مجرم نے فون سے ویڈیو بنائی جس میں متاثرہ شخص کو درد سے کراہتے ہوئے دکھایا گیا، قاتل نے ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی

اتوار 27 اپریل 2025 16:30

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2025ء)فرانس کی ایک مسجد میں ایک مسلمان نمازی کو قتل کرنے کے بعد اس کی ویڈیو بنانے والے شخص کو تاحال گرفتار نہیں کیا گیا۔غیر میڈیا کے مطابق واقعے کے بعد فرانسیسی پولیس نے جنوبی شہر کی ایک مسجد کے اندر ایک مسلمان نمازی کو قتل کرنے میں ملوث شخص کی تلاش شروع کردی۔جنوبی فرانس کے علاقے گارڈ کے گاؤں لا گرینڈ کومبے میں نمازی پر درجنوں بار چاقو سے حملہ کیا گیا، حکام قتل کو ممکنہ اسلاموفوبیا جرم کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

مبینہ مجرم نے اپنے اپنے فون سے ایک ویڈیو بنائی جس میں متاثرہ شخص کو درد سے کراہتے ہوئے دکھایا گیا، قاتل نے ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر شیئر کی۔سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں واردات کو نہیں دیکھا گیا، مسجد کے اندر نصب سیکیورٹی کیمروں میں اس کو دیکھا گیا۔فوٹیج میں قاتل نے ان کیمروں کو دیکھا اور کہا کہ یقینی طور پر مجھے گرفتار کرلیا جائے گا‘۔ذرائع کے مطابق مشتبہ مجرم کی شناخت بوسنیائی نڑاد غیر مسلم فرانسیسی کے طور پر کی گئی۔یہ واقعہ گزشتہ روز صبح پیش آیا تھا جب کہ واردات کے وقت مسجد میں صرف 2 مقتول اور قاتل) ہی موجود تھے۔